بھٹکل قومی شاہراہ پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی طالب علم کی موت؟: ظہر بعد ہوگی تدفین
06:11AM Sun 6 Nov, 2022

بھٹکل : 6 نومبر،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل قومی شاہراہ رنگین کٹے میں سنیچر کی شام 14 سالہ طالب علم کی اسکوٹر سے گر کر موت واقع ہوگئی ہے جس کے تعلق سے شبہ ظاہر کیا جارہاہے کہ اس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔ لڑکے کی شناخت عبداللہ ابن فیض افریکہ (14) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
عینی شاہدین نے بھٹکلیس کو بتایا کہ لڑکا اسکوٹر پر سوار تھا کہ اس کی اسکوٹر سامنے والی بائک سے ٹکر اگئی جس کے نتیجے میں لڑکا نیچے گر گیا تاہم معمولی چوٹ لگنے سے لڑکا اٹھ کر جارہا تھا کہ وہاں موجود لوگوں نے اس کو آواز دی اور وہ واپس آکر رک گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے اسکوٹر سے نیچے گر گیا ۔ مقامی لوگوں نے اسے فوری طور پر قریبی پرائیویٹ اسپتال پہنچایا، مگر اُس وقت تک اس کی روح قبض ہوچکی تھی۔
لڑکے کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ وہ بندرہ روڈ ففتھ کراس میں اپنے نانا کے ساتھ رہتا تھا اور بھٹکل کے شمس اسکول میں نویں جماعت کا طالب علم تھا ۔ اس کے اساتذہ کا کہنا ہے کہ وہ بہت ہی سنجیدہ اور اپنے کام سے کام رکھنے والا طالب علم تھا ۔
اس کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر تنظیم ملیہ مسجد میں ادا کی جائے گی اور نوائط کالونی قبرستان میں ہی تدفین عمل میں آئے گی۔
اللہ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے اور اس کے والدین و جمیع اہل خانہ کو صبر جمیل نصیب فرمائے ۔ آمین