کرناٹک میں  کل سے شروع ہونے والے دسویں کے امتحانات کے دوران بھی حجاب پر پابندی

11:47AM Sun 27 Mar, 2022

بنگلورو:  27 مارچ،2022 (ایجنسی) کرناٹک سرکار نے ریاست کے پرائیویٹ اسکولوں میں امتحانات کے دوران بھی حجاب پر روک لگادی ہے ۔ حجاب کو لے کر جاری تنازع کے درمیان سرکار نے حکم جاری کیا ہے کہ پیر سے شروع ہونے والے دسویں کے بورڈ امتحانات دینے کیلئے آنے والے طلبہ کو مقررہ یونیفارم پہن کر آنا ضروری ہے ۔ اس سرکلر میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ و طالبات کو وہی یونیفارم پہننی ہوگی ، جو ریاستی سرکار نے طے کی ہے ۔  پرائیویٹ اسکولوں کے طلبہ ان اسکولوں کی انتظامیہ کی طرف سے مقررہ ڈریس پہنیں گے ۔ یہ قانون امداد یافتہ اور غیر امداد یافتہ دونوں طرح کے اسکولوں پر لاگو ہوگا ۔ کرناٹک ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود کلاس روم میں حجاب کو لے کر تذبذب کی صورتحال برقرار رہنے کے بعد سرکار کو یہ سرکلر جاری کرنا پڑا ہے ۔ کئی ٹیچر اس بات کو لے کر مطمئن نہیں تھے کہ پرائیویٹ اسکولوں میں ہونے والے امتحانات میں طلبہ کو حجاب پہن کر آنے کی چھوٹ دی جائے یا نہیں ۔ اپوزیشن سیاسی پارٹی بھی حجاب کی طرح کے دوپٹے کی چھوٹ مانگ رہی تھی ۔ کرناٹک اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سدا رمیا نے حال ہی میں کہا تھا کہ اسکول کے اندر طالبات کو یونیفارم کے رنگ کا دوپٹہ پہننے کی اجازت دی جانی چاہئے ۔ مسلم لڑکیاں دوپٹہ سے اپنا سر ڈھکتی ہیں ، اس میں غلط کیا ہے ۔اس کے بعد کرناٹک کے پرائمری اینڈ سکینڈری  ایجوکیشن محکمہ کے انڈر سکریٹری وی شرینیواس مورتی کے دستخط سے جمعہ کو سرکار نے یہ سرکلر جاری کیا ۔ اس میں سرکار نے پانچ فروری کے پچھلے حکم کا بھی تذکرہ کیا ہے ، جس میں اسکول میں حجاب پہننے پر روک لگا دی گئی تھی ۔ ساتھ ہی کرناٹک ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے ، جس میں اس نے اسکولی یونیفارم کو لے کر سرکار کے اس حکم کو صحیح ٹھہرایا تھا ۔ بتادیں کہ کرناٹک میں جنوری فروری میں اس وقت بڑا تنازع کھڑا ہوگیا تھا ، جب پری یونیورسٹی کالج کی کئی طالبات کو حجاب پہن کر کلاس میں جانے سے روک دیا گیا تھا ۔ اس کے بعد ریاست ہی نہیں ، کئی ریاستوں میں لوگ سڑکوں پر اتر آئے تھے ۔