کرناٹک اسمبلی انتخابات کا عمل ہوا مکمل : ضلع اتر کینرا میں 76.54 فیصد ہوئی پولنگ۔ بھٹکل میں 77.42 فیصد لوگوں نے دیا ووٹ

03:31PM Wed 10 May, 2023

بھٹکل: 10 مئی،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کرناٹک میں 224 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح سات بجے شروع ہوکر شام چھ بجے  مکمل ہو گیا ہے اور ووٹروں نے امیدواروں کی قسمت کو لاک کردیا ہے۔ اس دوران ریاست بھر میں ایک دو مقامات کے علاوہ تمام جگہوں پر  انتخابی کارروائی پر امن ہی رہی ۔ ضلع اترکینرا  میں بھی پولنگ کا اختتام پر امن طور پر ہوا ۔ حتمی اعداد و شمار کے مطابق ضلع اترکینرا میں 76.54 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی جہاں مجموعی طور پر 1194714 رائے دہندگان میں سے 914381 رائے دہندگان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اس کےعلاوہ اس ضلع میں بھٹکل میں پولنگ کا تناسب 77.42 فیصد رہا جہاں موجود 222708 رائے دہندگان میں سے 172414 ووٹرس نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔جبکہ یلاپور میں پولنگ کا تناسب 79.75 فیصد، سرسی میں 78.67 فیصد،کمٹہ میں 77.01 فیصد،کاروار میں 70.78 فیصد اور ہلیال میں 76.33 فیصد ووٹنگ ہوئی ۔ خیال رہے کہ اس درمیان مختلف ٹی وی چینلز پر ایگزٹ پول کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بیشتر ایگزٹ پول میں کانگریس حکومت بناتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ کچھ ایگزٹ پول ایسے ضرور ہیں جہاں کانگریس کو ضروری نمبر یعنی 113 سے 5-4 سیٹیں کم ہیں، لیکن چند ایک کو چھوڑ کر سبھی ایگزٹ پول میں کانگریس سب سے بڑی پارٹی نظر آ رہی ہےجبکہ بعض ایکزٹ پول میں جے ڈی ایس کے کنگ میکر بننے کے امکانات کو بھی ظاہر کیا جارہا ہے ، تاہم حتمی فیصلہ 13 مئی کو نتائج سامنے آنے کے بعد ہی ہوگا۔