بھٹکل میں آج منعقد ہوئی 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات: عوامی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر نے لہرایا ترنگا۔ کورونا وبا کے دوران خدمات انجام دینے والوں کی تہنیت
04:51PM Sun 15 Aug, 2021
بھٹکل: 15 اگست، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر آج بھٹکل کے مختلف تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات پر ترنگا لہراتے ہوئے سلامی پیش کی گئی۔ ادھر عوام کے لیے تعلقہ اسٹیڈیم میں ہمیشہ کی طرح تقریب منعقد ہوئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر محترمہ ممتا دیوی نے ترنگا لہراتے ہوئے سلامی پیش کی۔
انہوں نے اس موقع پر اپنے خیالات ظاہر کرتے ہوئے ملک کی آزادی کے لیے جد و جہد کرنے والوں کی قربانیوں کو یاد دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ ان ہی بہادروں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ آج ہم آزاد ملک میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کورونا کے اس دور میں بھی جشن آزادی کی تقریب میں عوام کی بڑی تعدا جمع ہونے پر ان کی سراہنا کی اور ملک سے محبت کے اس جذبہ کو باقی رکھنے اور ملک کی ترقی کے لیے کام کرنے پر زور دیا۔اس کے ساتھ ہی رکن اسمبلی مسٹر سنیل نائک نے بھی موقع کی مناسبت سے اپنے خیالات ظاہر کیے اور وبا کے دوران خدمات انجام دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی سراہنا کی ۔
اس پروگرام میں تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب ایم جے عبدالرقیب اور فیڈریشن کے صدر مولانا عزیز الرحمن ندوی سمیت 25کورونا وارئیرس کی تہنیت کی گئی ۔
اس موقع پر تحصیلدار روی چندرا، میونسپالٹی صدر قاسمجی پرویز ، ڈی وائی ایس پی بیلی اپا، بی ای اؤ دیوی داس موگیر ، سی ای اؤ رادھیکا سمیت کئی افسران ، شہر کی معزز شخصیات اور عوام شریک تھے۔
واضح رہے کہ کویڈ وبا کے چلتے اس سال اسکولی طلبہ کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔







