بھٹکل میں 74 ویں یوم جمہوریہ کی رنگا رنگ تقریبات: تعلقہ اسٹیڈیم میں اسسٹنٹ کمشنر نے لہرایا ترنگا
03:28PM Thu 26 Jan, 2023

بھٹکل : 26 جنوری، 2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک بھر کی طرح آج بھٹکل میں بھی مختلف تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر و غیرہ میں ترنگا لہرا کر 74 ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات منائی گئیں۔ اس موقع پر بھٹکل میں عوام کے لیے نوائط کالونی تعلقہ اسٹیڈیم میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا جہاں اسسٹنٹ کمشنر محترمہ ممتا دیوی نے ترنگا لہرا کر اسے سلامی پیش کی ۔
اس موقع پر اے سی نے خطاب کرتے ہوئے جمہوری نظام حکومت میں عوام کو برابر کے حقوق دیے جانے کی بات کہی انہوں نے کہا کہ عوام پر بھی ضروری ہے کہ وہ اپنے حقوق کو جاننے کی کوشش کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں۔اس کے علاوہ اس موقع پر رکن اسمبلی سنیل نائک نے بھی موقع کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور طلبہ کو اپنے پسندیدہ میدان میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے پر زور دیا ۔
اس تقریب میں بھٹکل پی ایس آئی محترمہ سوما کی قیادت میں پولس اہلکار، این سی سی کے طلبہ، اسکاؤٹس اور اسکول کے دیگر طلبہ نے مارچ پاسٹ کا خوبصورت اہتمام کیا اور رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش ہوئے۔اس تقریب میں بہترین کھلاڑیوں، بہترین سرکاری ملازمین اور دیگر مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی تہنیت کی گئی۔
بھٹکل تحصیلدار اشوک بھٹ نے استقبالیہ کلمات پیش کئے، اسکول ٹیچر شری دھر شیٹ نے نظامت کی، بلاک ایجوکیشن آفس کے فزیکل ڈائرکٹر رویندرا نے کلمات تشکر پیش کیا۔ ڈائس پر بھٹکل میونسپل صدر پرویز قاسمجی، میونسپل چیف آفسر سریش ایم،سرکاری نوکرا سنگھا صدر موہن نائک جالی پٹن پنچایت چیف آفسر گنپتی ورنیکر، بھٹکل ڈی وائی ایس پی شری کانت کے، تعلقہ پنچایت کے ایکزی کوٹیو آفسر پربھاکر چکن منے موجود تھے۔