کرناٹک بھر میں سادگی کے ساتھ 74 ویں یوم آزادی کی تقریبات منعقد ، کورونا سے صحتیاب ہوئے وزیر اعلی نے ترنگا لہرایا

12:16PM Sun 16 Aug, 2020

کورونا کی وبا کے باعث کرناٹک بھر میں سادگی کے ساتھ 74 ویں یوم آزادی کا جشن منایا گیا۔ بنگلورو کے مانک شاہ پریڈ گراونڈ میں وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے پرچم کشائی کی ۔ کورونا کے مرض سے صحت یاب ہونے کے بعد وزیر اعلی کا یہ پہلا پروگرام تھا ۔ 7 دنوں تک اسپتال اور 5 دنوں تک گھر میں رہنے کے بعد وزیر اعلی نے پہلی مرتبہ عوامی پروگرم میں حصہ لیا۔ آج صبح 9 بجے یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے وزیر اعلی یدی یورپا نے ترنگا لہرایا اور ریاست کے عوام سے خطاب کیا ۔ وزیر اعلی نے کورونا کی وبا، بارش اور سیلاب سے ہوئی تباہی ، ریاست کو درپیش چند دیگر مسائل کا اپنے خطاب میں  تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان مشکلات سے نمٹنے کیلئے حکومت نے کئی اہم اقدامات کئے ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے متاثر ہوئے مختلف شعبوں کیلئے 3187 کروڑ روپے کے پیکیج کا حکومت نے اعلان کیا ہے ۔ کورونا سے انتقال کرنے والے کورونا واریئرس کے اہل خانہ کیلئے 30 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ لوگ کورونا سے نہ گھبرائیں وہ خود بھی کورونا سے متاثر ہوکر صحت یاب ہوئے ہیں ۔ وزیر اعلی یدی یورپا نے اپنے خطاب میں ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا بھی ذکر کیا ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے قانون کے مطابق بھائی چارے کے ساتھ رام مندر کا سنگ بنیاد رکھا ہے ۔ وزیر اعلی نے کرناٹک کے یاتریوں کیلئے ایودھیا میں ریاستی حکومت کی جانب سے یاتری نیواس تعمیر کرنے کا اعلان کیا ۔ وزیر اعلی یدی یورپا نے کہا کہ حکومت نے ریاست میں قانون،  نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں۔