جنگلات کا انسائیکلو پیڈیا کہلائی جانے والی انکولہ کی 72 سالہ تلسی گوڈا پدم شری کے باوقار اعزاز سے ہوئی سرفراز

01:41PM Mon 8 Nov, 2021

کاروار: 8 نومبر،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ضلع اتر کینرا میں واقع انکولہ کے ہونلی دیہات میں رہنے والی تلسی گوڈا کو  جنگلات کی حفاظت کرنے اور  درختوں کے متعلق پوری معلومات رکھنے اور ان کی سماجی خدمات کی وجہ سے ملک کا چوتھا  امتیازی اعزاز پدم شری سے نوازا گیا ۔یہ اعزاز انہیں وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی موجودگی میں صدر ہند رام ناتھ کوند کے ہاتھوں آج ایک اعزازی تقریب میں دیا گیا۔ ہلکّی  قبیلے سے تعلق رکھنے والی 72 سالہ تلسی نے ریاست میں  جنگلات کے تحفظ کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کے لیے زبردست  کوشش کی ہے ۔ ایک خبر کے مطابق انہوں نے اب تک  اکیلے ہی ریاست میں ایک لاکھ کے قریب درخت لگائے ہیں۔ تلسی گوڈا نے کسی اسکول یا کالج میں تعلیم  تو حاصل نہیں کی ہے، لیکن پودوں اور جڑی بوٹیوں کے بارے میں ان کے پاس علم کا خزانہ موجود ہے جس کی وجہ سے انہیں جنگلات کا انسائیکلو پیڈیا کہا جاتا ہے۔ وہ محکمہ جنگلات کی جانب سے شجرکاری کے پروگراموں میں بھی سرگرمی سے شامل رہتی  ہیں اور اپنے لگائے ہوئے پودوں کی پرورش اس وقت تک کرتی  ہیں جب تک کہ وہ خود کھڑے نہ ہو جائیں۔   اطلاع  کے مطابق ماہر ماحولیات ڈاکٹر یلپا ریڈی نے ماحولیات کے تحفظ میں محترمہ گوڈا کے تعاون کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی خدمات کو غیرمعمولی قرار  دیا ہے۔ واضح رہے کہ فن، تعلیم، ادب، سائنس ،کھیل کود، خدماتِ عامہ وغیرہ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ہندوستانی شہریوں کو حکومت کی طرف سے پدم شری اعزاز سے سرفراز کیا جاتا ہے۔ یہ بھارت رتن، پدم وبھوشن، پدم بھوشن کے بعد دینے والا سب سے امتیازی اعزاز ہے۔