ایس ایس ایل سی کے نتائج کا اعلان: ریاست میں 71.80 فیصد مجموعی نتیجہ۔ چکبالاپور کو ملا پہلا مقام

03:28PM Mon 10 Aug, 2020

بینگلورو: 10 اگست، 20  (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست کرناٹک میں آج دوپہر تین بجے ایس ایس ایل سی کے نتائج کا اعلان وزیر تعلیم سریش کمار نے کیا ہے۔ انہوں نے اخباری کانفرنس میں اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سال 8,48,203 طلبہ نے دسویں کے امتحانات کے لیے اپنا نام درج کیا تھا۔ جن میں سے 8,11,050  طلبہ نے امتحان میں شرکت کی تھی۔ ان طلبہ میں سے اس بار 5,82,316 طلبہ پہلی مرتبہ میں کامیاب ہوئے ہیں جن کا مجموعی تناسب 71.80 فیصد ہے جو سابقہ سال کے مقابلہ میں دو فیصد کم ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس بار بھی لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں نے بازی ماری ہے۔ اس بار لڑکوں کے مقابلہ لڑکیوں کا مجموعی فیصد 77.74 فیصد ہے جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا مجموعی فیصد 66.41 ہے۔ اس بار چھ خوش نصیب طلبہ ایسے ہیں جنہوں نے 625/625 نمبرات حاصل کرتے ہوئے صد فیصد کامیابی درج کی ہے جبکہ 12 طلبہ نے 624 نمبرات، 43 طلبہ نے 623 نمبرات اور 56 طلبہ نے 622 نمبرات حاصل کیے ہیں۔