بہار: پہلے مرحلہ میں 71 سیٹوں پر ووٹنگ مکمل، 1066 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں بند

01:46PM Wed 28 Oct, 2020

بہار اسمبلی انتخاب کے پہلے مرحلہ کے تحت بدھ کے روز 71 اسمبلی حلقوں میں سخت حفاظتی انتظام کے درمیان ووٹنگ کا عمل انجام پا گیا۔ اس کے ساتھ ہی 1066 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں بند ہو گئی۔ اچھی بات یہ رہی کہ چھوٹے موٹے واقعات کو چھوڑ دیا جائے تو کہیں سے کوئی بڑے ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔
بھوجپور میں بوتھ کیپچرنگ کی کوشش، کئی لوگ زخمی
بھوجپور میں شاہ پور اسمبلی حلقہ کے سہجولی گاؤں میں بوتھ کیپچرنگ کو لے کر دو امیدواروں کے حامیوں میں خونی تصادم دیکھنے کو ملا۔ ہندی نیوز ویب سائٹ دینک بھاسکر پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق اس واقعہ میں 6 لوگوں کے زخمی ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

آر جے ڈی رکن اسمبلی سروج یادو پر آرہ کے بوتھ نمبر 115 پر حملہ، بھاگ کر بچائی جان

آر جے ڈی رکن اسمبلی سروج یادو پر حملے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق آرہ کے بوتھ نمبر 115 پر کچھ لوگوں نے سروج یادو پر حملہ کیا۔ کسی طرح بھاگ کر انھوں نے اپنی جان بچائی۔ رکن اسمبلی کی گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا جس کی تصویریں سامنے آئی ہیں۔ گاڑی کا شیشہ آگے سے ٹوٹا ہوا نظر آ رہا ہے۔ حالانکہ اس حملہ کے تعلق سے انتظامیہ نے کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔ بڑہرا کے آر جے ڈی رکن اسمبلی سروج یادو نے اپنے اوپر حملے کی بات میڈیا سے کہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سروج یادو کا پہلے کچھ لوگوں نے مخالفت کی اور پھر پتھراؤ شروع کر دیا۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ سروج یادو بھوجپور کے بڑہرا سے اس بار بھی آر جے ڈی امیدوار ہیں۔