کیا کرناٹک میں مزید دو ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن میں توسیع کی جائے گی؟:7 جون تک لاک ڈاؤن بڑھانے کے امکانات

12:35PM Fri 21 May, 2021

بینگلورو: 21 مئی،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں گذشتہ ایک سال سے کورونا کی بیماری تباہی کا سبب بن ہی رہی تھی جس کے بعد کورونا کی دوسری لہر کے بعد آنے والے معاملات نے  ریاست کو بالکل اپاہج بناکر رکھ دیا ہے جس کا سلسلہ اب بھی برابر جاری ہے ۔ اس  کو دیکھتے ہوئے یہ بات یقینی طور پر کہی جاسکتی ہے کہ ریاست میں 24 مئی تک جاری لاک ڈاؤن میں مزید  توسیع کی جائے گی جس کادورانیہ دو ہفتوں تک  کا ہوسکتا ہے۔ ریاست کی اسی صورتحال پر غور کرنے آج ودھان سودھا میں اعلیٰ سطحی افسران کمیٹی کی ایک نشست منعقد ہوئی جس میں تمام افسران نے متفقہ طور پر لاک ڈاؤن کی توسیع پر رضامندی ظاہر کی۔اس موقع پر ریاست کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے عہدیداران نے بھی حالات کو دیکھتے ہوئے  حکومت سے لاک ڈاؤن کو مزید 15 دنوں تک بڑھانے کا مشورہ دیا ۔ آج کی اس میٹنگ میں افسران کی طرف سے  کہا گیا کہ اگر 24 مئی کو لاک ڈاؤن ہٹایا گیا تو دیہی علاقوں میں رہنے والے ملازمین وغیرہ شہروں کا رخ کریں گے جس سے مزید انفیکشن پھیلنے کا خطرہ ہوگا اور کورونا کے معاملات میں پھر ایک بار اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر موجود چیف سکریٹری نے افسران کی باتوں کو سنتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام نکات کو وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھیں گے  جس کے بعد تمام چیزوں کو سامنے رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن کو بڑھانے پر حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔