ممبئی: فلک بوس عمارت میں زبردست آگ لگنے کا واقعہ، 7 افراد ہلاک، 15 جھلسے

02:59PM Sat 22 Jan, 2022

ممبئی: جنوبی ممبئی کے تاردیو علاقے میں واقع 20 منزلہ فلک بوس عمارت کملا بلڈنگ میں سنیچر کی صبح تقریباً 7.30 بجے آگ لگنے سے 7 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق زخمیوں کو مقامی بھاٹیا اور سرکاری بی ایل نائر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق تین افراد کی حالت تشویشناک ہے، جن کا علاج آئی سی یو میں کیا جا رہا ہے۔ جبکہ دیگر 12 کی حالت مستحکم ہے۔
نائر ہسپتال کے ڈاکٹر کول نے بتایا کہ ان کے ہسپتال میں جھلسنے والے 4 افراد کو لایا گیا تھا، جن میں سے 2 کی موت ہو چکی ہے، جبکہ 2 کی حالت مستحکم ہے۔ ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر نے بتایا کہ اسپتال کے لوگوں نے مریضوں کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ اور معلوم کیا جائے گا کہ ان لوگوں نے ایسا کیوں کیا۔ اس بارے میں بی ایم سی کمشنر کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔
فائر بریگیڈ کی 13 گاڑیاں واٹر ٹینکر اور دیگر ساز و سامان موقع واردات پر موجود ہے، کیونکہ آگ کے شعلے تیزی سے دو بالائی منزلوں تک پھیل گئے ہیں، جس سے عمارت کے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر ریسکیو اور ریلیف کاموں کی نگرانی کے لیے موقع پر پہنچ گئیں ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ تادم تحریر آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔