ریاست کرناٹک میں بھی برڈ فلو کا خطرہ: ہائی الرٹ جاری

02:43PM Thu 7 Jan, 2021

بینگلورو: 7 جنوری،21 (ذرئع) کیرلا کے الاپل اور کوٹائم اضلاع میں برڈ فلو(H5N8) پھیلی ہوئی ہے۔جس کے بعد ریاست کرناٹک میں بھی اس کے پھیلنے کے امکانات ہیں جس کے پیش نظرریاست کے تمام اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر برائے مویشی پالن پربھوچوہان نے اس سلسلہ میں اطلاع دیتےہوئے کیرالہ سے مرغیاں اور انڈے منگوانے پر پابندی عائد کی ہے۔ محکمہ مویشی پالن کے افسروں نے کہا کہ کیرلا ریاست سے جڑے ہوئے کرناٹک کے علاقے جیسے جنوبی کینرا، کورگ، میسور اورچامراج نگر اضلاع میں یہ بخار مرغیوں میں پھیلنے کا خطرہ ہے۔ اس لئے ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو اپنے اپنے اضلاع میں اس بخار کو پھیلنے سے روکنے کے لئے رہنما خطوط جاری کئے گئے ہیں جس پر عمل کرنا لازمی ہے۔کیرلا ریاست کی سرحدوں پر فوری چک پوسٹوں میں اضافہ کردیا گیا ہے اور کیرلا سے کرناٹک آنے والی موٹر گاڑی کی سختی سے جانچ کی جارہی ہے۔ کیرلا سے آنے والی مختلف موٹرگاڑیوں کو سینی ٹائزیشن کرکے کرناٹک میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔ پربھو چوہان نے بتایا کہ سرحدی اضلاع میں موجود پولٹری فارموں پر بھی سخت نظر رکھی گئی ہے اور ان فارموں میں روزانہ سیمپل کی جانچ کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس بخار یا وباء کی وجہ سے بنگلور میں بھی عوام کو زیادہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔یہ بخار مرغیوں کے ذریعہ انسانوں میں منتقل ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔