اروناچل پردیش کے توانگ میں ایل اے سی کے پاس ہندوستان اور چین کی فوج میں جھڑپ، دونوں جانب کے فوجی زخمی : ذرائع
04:11PM Mon 12 Dec, 2022

نئی دہلی : چین کے فوجی (پی ایل اے ) اپنی اکساوے والی حرکتوں سے باز نہیں آرہے ہیں ۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایل اے سی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی، جس کا ہندوستانی فوج کے بہادر جوانوں نے کرارا جواب دیا ۔ دراصل چین کے فوجیوں نے گزشتہ نو دسمبر کو اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں ایل اے سی کو پار کرنے کی کوشش کی ، جس کا ہندوستانی جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کیا ۔ اس دوران ہندوستان اور چین کے فوجیوں میں ہلکی جھڑپ ہوگئی ۔ آمنے سامنے کی لڑائی میں دونوں فریقوں کے کچھ جوانوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں ۔ اس کے بعد دونوں فریق فورا علاقہ سے ہٹ گئے ۔
ایل اے سی پر توانگ سیکٹر میں ہندوستان اور چین کے جوانوں کے درمیان ہوئی اس جھڑپ پر فوج کے ذرائع نے کہا کہ دونوں فریق فورا علاقہ سے پیچھے ہٹ گئے تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ہندوستانی کمانڈر نے توانگ سیکٹر میں ایل اے سی پر جھڑپ کے بعد امن بحال کرنے کیلئے چین کے اپنے ہم منصب سے فلیگ میٹنگ کی ۔
ذرائع نے بتایا کہ اروناچل پردیش میں توانگ سیکٹر میں ایل اے سی کے ساتھ کچھ علاقوں میں الگ الگ تاثرات ہیں، جس میں دونوں فریق اپنے دعوی کی حد تک گشت کرتے ہیں ۔ 2006 سے یہ روایت رہی ہے ۔ نو دسمبر 2022 کو پی ایل اے کے فوجی توانگ سیکٹر میں ایل اے سی پر آپہنچے ، جس کا ہمارے جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کیا ۔ آمنے سامنے کی ہلکی جھڑپ میں دونوں جانب کے کچھ جوانوں کو معمولی چوٹیں بھی آئیں ۔
ذرائع نے بتایا کہ توانگ سیکٹر میں چین کے فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں ہندوستانی فوج کے کم از کم چھ جوان زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کیلئے گواہاٹی لایا گیا ۔ ذرائع نے کہا کہ اروناچل پردیش میں توانگ سیکٹر میں ایل اے سی سے متصل اپنے دعوی والے کچھ علاقوں میں دونوں فریق گشت کرتے ہیں۔ یہ سلسلہ 2006 سے جاری ہے۔