کیرلا سے پیدل سفر حج پر نکلے شہاب چوٹور آج بھٹکل پہنچے : مقامی لوگوں نے کیا پرتپاک استقبال

11:51AM Tue 14 Jun, 2022

بھٹکل :  14  جون،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  کیرلا سے 2 جون کو پیدل سفر حج کرنے کے ارادے سے نکلے شہاب چوٹور آج بھٹکل پہنچے جہاں مقامی لوگوں کا ایک جم غفیر ان کے خیر مقدم کے لیے موجود رہا اور بھٹکل کی نور مسجد میں ان کا پر تپاک استقبال کرتے ہوئے ان کی ضیافت کی گئی ۔ 7جون کو کیرلا کے اپنے مکان سے نکلے 30 سالہ شہاب   چوٹور8،640 کلومیٹر کا سفر 280 دنوں میں مکمل کرکے حج 2023 کا حصہ بننے کا عزم لے کر چل رہے ہیں اور ہر جگہ ان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے لوگ انہیں دعاؤں سے نواز رہے ہیں۔ اس سلسلے میں میڈیا سے  بات کرتے ہوئے شہاب کا کہنا  تھا  کہ مکہ تک پیدل سفر کرنے کی شدید خواہش نے انہیں اس فیصلے تک پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ‘‘ تمام اہل مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار مکہ جائیں۔ میں صحت مند ہوں اور دن میں کم از کم 25 کلومیٹر پیدل چلنے کے قابل ہوں۔مجھے لگتا ہے کہ مجھے اب یہ کرنا چاہیے، کیونکہ مجھے اپنے خاندان کے افراد اور دوستوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کی حمایت حاصل ہے۔’’ سفر کے تعلق سے شہاب کا کہنا ہے کہ انہوں نے سفر کے لیے اپنے ساتھ تقریباً 10 کلو وزنی سامان رکھا ہے جس میں سلیپنگ بیگ، چار ٹی شرٹس ، ٹراؤزر اور ایک چھتری شامل ہے۔ وہ راستے میں عبادت گاہوں کی طرف سے فراہم کردہ مفت رہائش اور کھانا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے سفر کی مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ مجھے سفر کے دوران کچھ غلط ہونے کی صورت میں مالی مدد حاصل کرنے کے لیے ٹریول انشورنس کی ضرورت تھی۔ پھر مجھے پاکستان، ایران، عراق، کویت اور سعودی عرب میں داخلے کے لیے ویزا لینا پڑا۔ اس عمل کے دوران وزارت خارجہ اور مرکزی وزیر وی مرلیدھرن نے میری مدد کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ وہ حج کے لئے بےچین ہیں اور صرف اور صرف اللہ کی رضا کے لیے خلوص نیت سے حج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ وہ اتنے پاکیزہ ہو جا ئیں جیسا  بچہ پیدا ہونے کے بعد ہوتا ہے ۔ واضح رہے کہ شہاب چوٹور اس دوران  6 ممالک کا سفر کر یں گے جس  کے بعد جب  وہ2023 میں  سعودی عرب پہنچیں گے تو 2023 کے حج کے لیے درخواست دیں گے ۔ ادارہ بھٹکلیس انہیں اس ہمت کے لیے مبارکباد پیش کرتا ہے اور دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس نیک اور پاک ارادے میں کامیاب فرمائے ۔ان کو تمام مشکلات سے بچاکر حج مبرور سے سرفراز فرمائے۔ آمین

ویڈیو دیکھیں:

[embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=ZhRnKXyrjGY[/embedyt]