ضلع اتر کینرا میں آج کورونا کے 69 نئے معاملات: بھٹکل میں چھ لوگوں کی رپورٹ آئی پوزیٹیو۔ بھٹکل کے 207 لوگ ہوچکے ہیں اب تک صحت یاب
11:53AM Sun 19 Jul, 2020
کاروار: 19 جولائی 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ضلع اور تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے پوری کوششوں کے باجود ضلع اتر کینرا میں روزانہ کورونا کوڈ19 کے معاملات میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ اتر کینرا کے ڈی سی کی جانب سے جاری ہیلتھ بلٹین کے مطابق آج یہاں پھر 69 لوگوں کی رپورٹ پوزیٹیو موصول ہوئی ہے جن میں سے 6 افراد کا تعلق بھٹکل سے ہے۔
ان کے علاوہ آج کمٹہ سے 17 معاملات، یلاپور سے 12 معاملات، انکولہ سے 10 معاملات، منڈگوڈ سے 6 معاملات، ہوناور سے 4 معاملات، جوئیڈا سے دو معاملات، سداپور سے 3 معاملات، سرسی سے دو معاملات، کاروار سے چھ معاملات اور ہلیال سے ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔
ان نئے معاملات کے ساتھ ہی ضلع میں کورونا کے کل معاملات کی تعداد 1085 کو پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک445 لوگ صحت یاب ہوکر ڈسچارج بھی ہوچکے ہیں اور 630 لوگ زیر علاج ہیں۔ ضلع میں اب تک کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 10 کو پہنچ گئی ہے۔
بھٹکل والوں کے لیے اچھی خبر: بھٹکل میں حلانکہ اب تک 281 افراد کی رپورٹ پوزیٹیو آئی ہے جن میں سے چار لوگوں کا انتقال بھی ہوچکا ہے لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ یہاں اس مرض سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جاری آج کی بلٹین میں بتایا گیا ہے کہ آج ایک ہی دن میں یہاں کے 75 لوگ صحت یاب ہوکر لوٹ چکے ہیں جبکہ 70 لوگ زیر علاج ہیں۔