مسلسل ساتویں  بار نیو شمس اسکول کی دسویں جماعت کا صد فیصد نتیجہ: 68 طلبہ نے دیا تھا آئی سی ایس  ای کا امتحان

04:50PM Mon 15 May, 2023

بھٹکل: 15 مئی،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  ادارہ تربیت اخوان کے تحت چلنے والے نیو شمس اسکول میں آئی سی ایس ای کی دسویں جماعت کا مسلسل ساتویں  سال صد فیصد نتیجہ بر آمد ہوا ہے۔ اسکول  پرنسپال کی طرف سے جاری اخباری بیان کے مطابق اس اسکول  کے طالب علم اعیان ابن محمد امین صاحب نے پورے اسکول میں ٹاپ کرتے ہوئے 96.2 فیصد نمبرات حاصل کیے ہیں جبکہ لڑکیوں میں عائشہ ماہین بنت تفضل حسین جُکا نے 95.2 فیصد نمبرات کے ساتھ امتیازی کامیابی حاصل کی ہے ۔ اطلاع کے مطابق  بھٹکل میں مسلم انتظامیہ کے زیر انتظام آئی سی ایس ای نصاب کے تحت چلنے والے اس اکلوتے اسکول سے امسال 68 طلبہ نے دسویں کے امتحان میں شرکت کی تھی جن میں سے 15 ؍طلبہ نے  ڈسٹنکشن (85؍فیصد سے اوپر) کے ساتھ اور 40 ؍طلبہ نے  فرسٹ کلاس کے ساتھ کامیابی درج کی ہے، اسی طرح انگلش لٹریچر میں ایک طالب علم نے صد فیصد نمبرات،بائیولوجی میں ایک طالبہ نے صد فیصد نمبرات، ہسٹری میں ایک طالب علم نے صد فیصد نمبرات جبکہ فیزیکل ایجوکیشن میں چار طلبہ نے صد فیصد نمبرات حاصل کیے ہیں۔ طلبہ کی اس کامیابی پر چیرمین ادارہ، صدر و سکریٹری و جمیع انتظامیہ ممبران نے پرنسپال ، اساتذۃ ، طلبہ اور دیگر عملے کو مبارکباد دی ہے۔ آئی سی ایس ای بورڈ امتحانات میں ملک بھر سے اس سال 2.5 لاکھ طلباء نے شرکت کی۔ ان امتحانات کا نتیجہ سہ پہر 3 بجے سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ آئی سی ایس ای کے لیے کلاس 10 بورڈ کے امتحانات اس سال 27 فروری کو شروع ہوئے تھے اور تقریباً 1 ماہ تک چلے اور 29 مارچ کو ختم ہوئے۔ جبکہ آئی ایس سی کلاس 12 کا امتحان 13 فروری کو شروع ہوا تھا اور آخری امتحان کی تاریخ 31 مارچ تھی۔