پی یو سی دوم کے نتائج کا ہوا اعلان: ریاست میں 61.88 فیصد طلبہ ہوئے کامیاب۔ بھٹکل انجمن کالج کا کچھ یوں رہا نتیجہ

04:18PM Sat 18 Jun, 2022

بھٹکل: 18 جون، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) شدت سے انتظار کیے جانے والے پی یو سی دوم کے نتائج کا اعلان آج صبح 11بجے وزیر تعلیم کے ذریعے کیا گیا جس کے بعد حکومت کی ویب سائٹ پر اس کو شائع کیا گیا ۔ریاست میں اس بار پی یو سی دوم کے نتیجہ کا فیصد 61.88 فیصد رہا جس میں پھر ایک بار لڑکیوں نے لڑکوں پر بازی مارلی۔ تفصیلات کے مطابق اس بار مجموعی طور پر 599974 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی کی تھی جن میں سے 402697 طلبہ نے  پہلی مرتبہ میں ہی کامیابی حاصل کرلی ۔ بھٹکل میں انجمن ویمن کالج کی بات کی جائے تو یہاں کل 282 طالبات نے پی یو سی دوم کے امتحانات میں شرکت کی تھی جن میں 241 طالبات نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔جن میں 65 طالبات ڈسٹنکشن، 138 فرسٹ کلاس،29 سکینڈ کلاس اور 9 تھرڈ کلاس سے کامیاب ہوئی ہیں۔ اس اعتبار سے اس کالج کا مجموعی نتیجہ 85.4 فیصد رہا ہے ۔ اس کالج کے سائنس شعبہ میں زینب بنت یوسف  رکن الدین  نے 97.50 فیصد کے ساتھ کالج میں ٹاپ کیا ہے جبکہ کامرس شعبہ میں یسریٰ بنت شکیل احمد ملا نے 96.66 فیصد کے ساتھ اول مقام حاصل کیا ہے اور آرٹس شعبہ میں مسکان بنت نواب خان نے  بھی 96.66 فیصد کے ساتھ اول مقام حاصل کیا ہے۔ انجمن پری یونیورسٹی کالج (بوائز) کی بات کی جائے تو اس با ر اس کالج کا مجموعی نتیجہ کا تناسب 82.58 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں کامرس شعبہ میں 87.25 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں جبکہ سائنس شعبہ سے 76.31  فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں اور آرٹس شعبہ سے 88.88 فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اطلاع کے مطابق اس کالج سے کل 187 طلبہ نے پی یو سی دوم کا امتحان دیا تھا جن میں سے 155 طلبہ کامیاب ہوئے ہیں جن کا مجموعی نتیجہ 82.58 فیصد  ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کالج  کے کامرس شعبہ میں محمد ہشام ابن محمد قاضیا نے 94.33 فیصد نمبرات حاصل کرتے ہوئے کالج میں ٹاپ کیا ہے جبکہ سائنس شعبہ میں محمد زیان ابن ظفر علی قاسمجی نے 9116 فیصد کے ساتھ اول مقام حاصل کیا ہے اور اسی طرح آرٹس شعبہ میں ارباز ابن لیاقت علی خان نے 74.8 فیصد کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے اس شعبہ میں ٹاپ کیا ہے۔ ادارہ بھٹکلیس تمام کامیاب اور ممتاز طلبہ کی خدمت میں نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کی دعا کرتا ہے ۔