جموں و کشمیر بلدیاتی انتخابات میں 60 سیٹوں پر بی جے پی کی بلا مقابلہ جیت ، 172 وارڈوں پر نہیں کوئی امیدوار
02:05PM Wed 3 Oct, 2018
Share:
جموں و کشمیر کی انتخابی تاریخ میں پہلی مرتبہ بی جے پی کے کشمیر وادی میں کم سے کم سات نگر پالیکا سیٹوں پر جیت درج کرنے کا امکان ہے ۔ جموں و کشمیر میں تقریبا سات سال بعد ہورہے بلدیاتی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے 60 امیدواروں نے بلامقابلہ جیت درج کی ہے ۔
دراصل فاروق عبد اللہ کی پارٹی نیشنل کانفرنس اور محبوبہ مفتی کی پارٹی پی ڈی پی نے دفعہ 35 اے کے معاملہ پر الیکشن کا بائیکاٹ کر رکھا ہے ۔ ویسے عام طور پر انتخابات کی آہٹ ہوتے ہی امیدوار اپنی تشہیر میں مصروف ہوجاتے ہیں ، گھر گھر جاکر لوگوں سے اپنے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہیں ، لیکن جموں و کشمیر مٰن ایسا کچھ بھی نہیں ہورہا ہے ۔
یہی نہیں افسران کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں حالات کے پیش نظر سیکورٹی وجوہات کی بنا پر امیدواروں کی شناخت بھی پوشیدہ رکھی گئی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی معلومات عام کرنا انہیں خطرے میں ڈال سکتا ہے ۔
علاوہ ازیں وادی میں 598 وارڈوں میں سے 172 وارڈوں پر ایک بھی پرچہ نامزدگی داخل نہیں ہوسکا ہے ۔ وادی میں 40 نگر پالیکاوں میں سے کم سے کم 21 نگر پالیکاوں میں کوئی ووٹنگ نہیں ہوگی ۔ تاہم سری نگر نگر نگم کے 74 وارڈوں پر سخت مقابلہ ہوگا ۔ افسران کے مطابق 310 امیدواروں نے سری نگر کے وارڈوں کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔