بھٹکل میں تعمیر ہونے والے آکسیجن پلانٹ کا کام زور و شور سے جاری: 60 لاکھ سے زائد مالیت کی مشینیں پہنچی بھٹکل
04:14PM Thu 15 Jul, 2021

بھٹکل : 15 جولائ 21 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد آکسیجن کی قلت کی وجہ سے کئی لوگوں کی موت واقع ہوگئی تھی۔ اس کو دیکھتے ہوئے آنے والی ممکنہ تیسری لہر میں اس طرح کی پریشانیوں سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں اور آکسیجن کے بند و بست کے لیے پیشگی اقدامات بھی ہورہے ہیں۔
اسی کے چلتے بھٹکل سرکاری اسپتال میں کچھ روز قبل آکسیجن پلانٹ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا جس کے لیے اب پڑوسی ریاست تمل ناڈو کے کوئمبتور سے 60 لاکھ سے بھی زائد مالیت کی مشینیں بھی بھٹکل پہنچ چکی ہیں۔ جس کے بعد اس پلانٹ کے جلد ہی افتتاح کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں۔
اس تعلق سے بھٹکل کی اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے میڈیا کو بتایا کہ ایم ایل اے فنڈ سے جاری کیے گئے قریب آٹھ لاکھ روپئے کی مالیت سے اکسیجن پلانٹ تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ مرکزی حکومت کی نگرانی میں ONGC (آئیل اینڈ نیٹوریل گیس کارپوریشن لمیٹید) کی طرف سے پوری ریاست کرناٹک میں دو جگہوں پر پلانٹ منظور کیا گیا تھا، جس میں بھٹکل بھی ایک ہے جبکہ دوسرا پلانٹ ضلع بیلگام کے چکوڈی میں بھی تیار کیا جارہاہے۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق بھٹکل میں جب اکسیجن تیار کرنے والا پلانٹ اپنا کام شروع کرے گا تو مشین حسب ضرورت قدرتی ہوا کو اپنے اندر جمع کرکے اُسے فی منٹ پانچ ہزار لیٹر کے حساب سے اکسیجن میں منتقل کرے گا ، جسےاسٹوریج میں جمع کرایا جائے گا۔

