بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہونے کے لئے کرناٹک پہنچیں سونیا گاندھی، 6 اکتوبر کو راہل گاندھی کے ساتھ کریں گی پیدل سفر

01:55PM Tue 4 Oct, 2022

بنگلورو: انڈین نیشنل کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کرناٹک سے گزر رہی ہے اور پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اس یاترا میں شرکت کے لئے ریاست کے میسور پہنچ گئی ہیں۔ کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار اور قائد حزب اختلاف سدھارمیا نے میسور کے منڈکلی ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔ شیوکمار نے کہا کہ سونیا گاندھی 6 اکتوبر کو ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں حصہ لیں گی۔
شیوکمار نے کہا کہ ریاست میں دسہرہ اور نوراتری کی تقریبات کے پس منظر میں راہل گاندھی نے سدھارمیا کی درخواست کے مطابق یاترا کے دوران دو دن کا وقفہ لیا ہے۔ شیوکمار نے کہا کہ ہم نے میسور میں سونیا گاندھی کے لیے متبادل انتظامات کیے ہیں۔ اگر مڈیکیری میں موسمی حالات بہتر رہے تو کا دورہ کریں گی، ورنہ وہ میسور میں ہی یاترا میں شامل ہو جائیں گی۔
بھارت جوڑو یاترا پر بی جے پی کی تنقید کے بارے میں پوچھے جانے پر شیوکمار نے کہا کہ راہل گاندھی نے اتوار کو بھی شدید بارش کے درمیان اپنی تقریر نہیں روکی۔ انہوں نے کہا کہ چلچلاتی دھوپ ہو یا سردی، ہم ملک کی سالمیت کے لیے پد یاترا جاری رکھیں گے۔
ادھر کرناٹک میں راہل گاندھی سمیت پارٹی کے مختلف لیڈران کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ جاری ہے۔ یاترا کے دوران راہل گاندھی پیر کے روز میسور میں دیوی چامنڈیشوری مندر گئے اور پوجا ارچنا کی۔ اس دوران راہل گاندھی نے میسور کی مسجد اعظم کا بھی دورہ کیا۔ پد یاترا منڈیا ضلع کے پانڈو پورہ قصبے میں کے ایس آر ٹی سی بس اسٹیشن پر ٹھہر گئی۔ دو دن کے وقفہ کے بعد یاترا پھر شروع ہوگی۔