سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کا انتقال۔6 ستمبر تک قومی غم منانے کا کیا اعلان
01:02PM Mon 31 Aug, 2020
نئی دہلی: سابق صدر جمہوریہ اور کانگریس کے سینئر رہنما پرنب مکھرجی (Pranab Mukherjee) کا انتقال ہوگیا ہے۔ وہ دہلی کے آرمی اسپتال میں ایڈمٹ تھے، جہاں ان کی حالت نازک بنی ہوئی تھی۔ پرنب مکھرجی کے بیٹے ابھیجیت مکھرجی نے ٹویٹ کرکے سابق صدر کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ پرنب مکھرجی طویل عرصہ سے بیمار چل رہے تھے اور کورونا سے متاثر پائے گئے تھے۔ 10 اگست کو سابق صدر جمہوریہ پرنب دا نے خود ہی ٹوئٹ کرکے کورونا سے متاثر ہونے کی اطلاع دی تھی۔ وہیں دوسری جانب اسپتال کی جانب سے بھی ہیلتھ اپڈیٹ مسلسل جاری کی جارہی تھی۔ پرنب مکھرجی کی حالت نازک ہونے کی خبر آنے کے بعد صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے پرنب مکھرجی کی خیریت دریافت کرنے کے لئے ان کی بیٹی شرمشٹھا مکھرجی کو فون کیا تھا۔
With a Heavy Heart , this is to inform you that my father Shri #PranabMukherjee has just passed away inspite of the best efforts of Doctors of RR Hospital & prayers ,duas & prarthanas from people throughout India ! I thank all of You 🙏
— Abhijit Mukherjee (@ABHIJIT_LS) August 31, 2020
2012 میں بنے تھے ملک کے صدر جمہوریہ
پرنب مکھرجی نے جولائی2012 میں ہندوستان کے 13 ویں صدر جمہوریہ کے طور پر حلف لی تھی۔ وہ 25 جولائی 2017 تک اس عہدے 2017 تک اس عہدے پر رہے تھے۔ پرنب مکھرجی کو 26 جنوری 2019 میں بھارت رتن سے سرفراز کیا گیا تھا۔ پرنب مکھرجی نے کولکاتا یونیورسٹی سے تاریخ اور پولیٹیکل سائنس میں پوسٹ گریجویشن کے ساتھ ساتھ قانون کی ڈگری حاصل کی تھی۔ وہ ایک وکیل اور کالج کے استاد بھی رہے اور انہیں اعزازی ڈی لٹ کی ڈگری بھی دی گئی۔ پرنب مکھرجی نے پہلے ایک کالج ٹیچر کے طور پر اور بعد میں بطور صحافی اپنا کیریئر شروع کیا۔ 11 دسمبر 1935، کو مغربی بنگال کے ویر بھوم ضلع میں پرنب مکھرجی پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد 1920 سے ہی کانگریس پارٹی میں سرگرم تھے۔ پرنب مکھرجی کے والد عظیم مجاہد آزادی تھے، جنہوں نے انگریز حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی بنا پر 10 سال سے زیادہ تک جیل کی سزا بھی کاٹی تھی۔
پرنب مکھرجی کے انتقال پر 31 اگست سے 6 ستمبر تک قومی غم کا اعلان
حکومت ہند نے سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے انتقال کے بعد 7 روزہ قومی غم کا اعلان کیا ہے۔ حکومت ہند نے اس سلسلے میں آرڈر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرنب مکھرجی کے انتقال پر پورے ہندوستان میں 31 اگست سے 6 ستمبر تک سات روزہ سرکاری غم منایا جائے گا۔"