دھماکوں سے دہلا جودھپور، 6 گیس سلینڈر پھنٹے سے چار کی موت، وزیر اعلی نے غم کا اظہار کیا
02:02PM Sat 8 Oct, 2022

جودھپور: اس وقت راجستھان کے جودھپور سے بڑی خبر سامنے آرہی ہے، جہاں گیس سلینڈر دھماکہ ہونے سے چار لوگوں کی موت ہوگئی ہے ۔ دراصل ہفتہ کو جودھپور میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ، جس سے کیرتی نگر کا پورا علاقہ دہل اٹھا ۔ ملی جانکاری کے مطابق کیرتی نگر میں ایک کے بعد ایک چھ گیس سلینڈر پھٹنے سے دو بچوں سمیت چار لوگوں کی موت کی خبر ہے ۔ وہیں 16 لوگ زخمی ہوگئے ہیں ۔
بتایا جارہا ہے کہ اس دھماکہ میں کئی گاڑیاں بھی نذر آتش ہوگئی ہیں ۔ واقعہ کے بعد جائے واقع پر انتظامیہ کی ٹیم پہنچ گئی ہے ۔ زخمیوں کو علاج کیلئے اسپتال لے جایا جارہا ہے ۔ وہیں اس واقعہ کے بعد سے پورے علاقہ میں دہشت کا ماحول ہے ۔ ملی جانکاری کے مطابق جوھپور کے ماتا کا تھان علاقہ میں مگرا پونجلا علاقہ کی ایک رہائشی کالونی میں آج دوپہر گیس کے سلینڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی، جس میں چار لوگوں کی جلنے سے موت ہوگئی ہے ۔
اس واقعہ کو لے کر راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے بھی دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ٹویٹ کرکے لکھا : جودھپور میں مگرا پونجلا ایریا کے کیرتی نگر میں گیس سلینڈر پھٹنے سے چار لوگوں کی موت اور کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی جانکاری کافی دکھ پہنچانے والی ہے ۔ مقامی انتظامیہ سے پورے واقعہ کی جانکاری لی ہے اور زخمیوں کے مکمل علاج کی ہدایت دئے ہیں ۔
بتادیں کہ اس واقعہ میں کئی زخمیوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے ۔ موصولہ جانکاری کے مطابق کچھ لوگ 80 فیصد تک جھلس گئے ہیں ۔ زخمیوں کا علاج چل رہا ہے ۔ وہیں اس واقعہ کے بعد سے جائے واقعہ پر افراتفری کا ماحول بن گیا ہے ۔