ہندوستان میں ہی ہوگا آئی پی ایل کا انعقاد، لیکن میدان پر نہیں نظر آئیں گے ناظرین
03:14PM Sat 22 Jan, 2022

نئی دہلی: آئی پی ایل 2022 کا انعقاد ہندوستان میں ہی ہوگا۔ کورونا کے خطرے کے پیش نظر میدان پر ناظرین کو آنے کی اجازت نہیں ملے گی۔ کورونا کے سبب آئی پی ایل 2020 کا انعقاد ابو ظہبی میں ہوا تھا۔ اس کے علاوہ گزشتہ سال پہلے مرحلے کے بعد اس لیگ کو ابوظہبی لے کر جانا پڑا تھا۔ نیوز ایجنسی اے این آئی سے بی سی سی آئی کے ذرائع نے آئی پی ایل کا انعقاد ہندوستان میں ہی کرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔ اس بار آئی پی ایل کا انعقاد صرف ممبئی میں ہوگا۔ ممبئی کے وانکھیڑے، کرکٹ کلب آف انڈیا اور ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں میچ کھیلے جائیں گے۔ اگر ضرورت پڑی تو ممبئی کے پڑوس میں پنے میں آئی پی ایل کے میچ منعقد ہوں گے۔
اس بار آئی پی ایل میگا نیلامی کے لئے 1,200 سے زیادہ کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔ ان میں 896 ہندوستانی اور 318 غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔ نیلامی 12 اور 13 فروری کو بنگلورو میں ہوگی۔ ہندوستانی بلے باز شرے یس ایئر، شکھر دھون، ایشان کشن، اسپنر یجویندر چہل، تیز گیند باز شاردل ٹھاکر، ہرشل پٹیل، اویش خان کے علاوہ آسٹریلیا کے طوفانی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو آئی پی ایل کی اگلے مہینے ہونے والی نیلامی میں ٹاپ ڈرا رکھے جانے کا امکان ہے۔