دکشن کنڑا اور اڈپی میں  تیزبارش کا سلسلہ ہے جاری: اتر کنڑا میں بارش کا زور ہوا کم

04:48PM Wed 5 Jul, 2023

بھٹکل : 5 جولائی 23 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ساحلی کرناٹک میں گزشتہ چار پانچ دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے لیکن  کل منگل کی شام سے ریڈ الرٹ جاری ہونے کے بعد یہاں کے  تینوں اضلاع دکشن کنڑا، اُڈپی اور اُترکنڑا میں بارش میں شدت دیکھی گئی  جس کی وجہ سے یہاں تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ۔ جبکہ  دکشن کنڑا اور اڈپی میں آج بھی بارش کا زور دیکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے اڈپی اور دکشن کنڑا کے تعلیمی اداروں میں کل جمعرات کو بھی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ دکشن کنڑا کے ڈپٹی کمشنر مولائی موہیلن اوراڈپی ضلع کے ڈپٹی کمشنر کورما راؤ نے تمام آنگن واڑی مراکز، سرکاری ، نجی پرائمری ، ہائی اسکولوں اور پری یونیورسٹی کالجوں میں 6 جولائی کو چھٹی کے احکامات جاری کیے ہیں۔والدین کے لیے حفاظتی اقدامات کے طور پر کہا گیا ہے کہ اپنے بچوں کو دریا کے کنارے ، ساحلِ سمندراور تالابوں کے قریب نہ بھیجیں۔ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سمندر میں نہ جائیں۔ تاہم اتر کنڑا میں بارش کا زور کم ہوتا دیکھ کر یہاں  ضلع انتظامیہ نے  تعلیمی اداروں کو لے کر اب تک کوئی اعلان نہیں کیا ہے  جس کی وجہ سے یہاں کل تمام تعلیمی اداروں کے معمول کے مطابق کھلنے کےا مکانات ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ موسمیات نے یہاں بارش کی تیزی میں کمی آنے کی پیش گوئی کی ہے۔