بنگلورو: کے ایس آر ریلوے اسٹیشن پر کھڑی اُدیان ایکسپریس میں لگی آگ، کافی مشقت کے بعد آگ پر پایا گیا قابو

12:16PM Sat 19 Aug, 2023

بنگلورو کے کرانتی ویرا سنگولی راینا (کے ایس آر) ریلوے اسٹیشن پر آج صبح اُدیان ایکسپریس ٹرین میں آگ لگنے سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ فوری طور پر آگ لگنے کی خبر فائر بریگیڈ ڈپارٹمنٹ کو دی گئی اور گھنٹوں کی مشقت کے بعد فائر بریگیڈ دستہ نے اس آگ پر قابو پایا۔ یہ ٹرین ممبئی سے بنگلورو اسٹیشن کے لیے چلتی ہے، یعنی کے ایس آر ریلوے اسٹیشن اس ٹرین کی آخری منزل ہوتی ہے۔ یہاں سبھی مسافر ٹرین سے اتر چکے تھے تب یہ آگ لگی۔ یہی وجہ ہے کہ کسی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے جنوب مغربی ریلوے کے حوالے سے بتایا ہے کہ آگ لگنے کا واقعہ مسافروں کے ٹرین سے اترنے کے تقریباً 2 گھنٹے بعد پیش آیا۔ حادثے میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی ٹیم حالات کا جائزہ لے رہی ہے۔