بنگال الیکشن: بی جے پی نے جاری کی 57 امیدواروں کی فہرست ، نندی گرام میں ممتا کو ٹکر دیں گے شوبھیندو ادھیکاری

03:11PM Sat 6 Mar, 2021

مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی نے 57 امیدواروں کے نام کا اعلان کردیا ہے ۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے ہفتہ کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے 57 امیدواروں کے نام پر مہر لگادی ہے ۔ ارون سنگھ نے بتایا کہ شوبھیندو ادھیکاری نندی گرام سیٹ سے الیکشن لڑیں گے ۔ بتادیں کہ اس سیٹ سے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بھی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے ۔ ادھیکاری کچھ مہینے پہلے ہی ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے ۔ بی جے پی نے باگھمنڈی سیٹ کو اتحاد کی ساتھی پارٹی آجسو کیلئے خالی چھوڑ دیا ہے ۔ وہیں بی جے پی نے موینا سے سابق کرکٹر اشوک ڈنڈہ جبکہ ڈیبری سے سابق آئی پی ایس افسر بھارتی گھوش کو امیدوار بنایا ہے ۔ بی جے پی نے پہلے اور دوسرے مرحلہ کے الیکشن کیلئے 57 امیدواروں کی یہ فہرست جاری کی ہے ۔ 57 امیدواروں میں سے چھ خواتین امیدوار ہیں ۔ ٹی ایم سی جاری کرچکی ہے امیدواروں کی فہرست بی جے پی سے پہلے ترنمول کانگریس اور کانگریس و لیفٹ اتحاد بھی اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کرچکا ہے ۔ ٹی ایم سی نے جمعہ کو اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی ، جس میں فلمی ہستیوں سیونی گھوش ، کوشانی مکھرجی اور راج چکرورتی سے لے کر سابق کرکٹر منوج تیواری اور فٹ بالر دیبیش بوس کے نام شامل ہیں ۔ ترنمول کانگریس نے 291 امیدواروں کی اپنی فہرست جاری کی تھی ۔ اس مرتبہ پارٹی نے 100 سے زیادہ نئے چہروں کو موقع دیا ہے ۔ ان میں 50 خواتین ، 42 مسلم امیدوار شامل ہیں ۔ مغربی بنگال کی تین سیٹوں پر ٹی ایم سی نے امیدوار کا اعلان نہیں کیا تھا ۔ وہیں وزیر اعلی ممتا بنرجی اس مرتبہ بھی نندی گرام سیٹ سے الیکشن لڑیں گی ۔