مجلس اصلاح و تنظیم کے زیر اہتمام منعقد ویکسنیشن کیمپ میں 556 افراد نے لگوایا کورونا کا ٹیکہ
02:20PM Mon 21 Jun, 2021
بھٹکل: 21 جون،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) آج 21 جون 2021 بروز پیر تنظیم ہال اور رابطہ ہال میں45 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے جو ویکسینیشن کے بیک وقت 2 کیمپ منعقد کیے گئے تھے اس سے جملہ 556 لوگوں نے استفادہ کیا۔ یہ جانکاری تنظیم کے میڈیا کو آر ڈنیٹر ڈاکٹر حنیف شباب صاحب نے دی ۔
ان کے مطابق آج صبح سے ویکسینیشن لگوانے کے خواہشمند مرد و خواتین بڑی تعداد میں تنظیم اور رابطہ ہال پہنچنے لگے تھے. اعلان کے مطابق شام 04:30 بجے یہ سلسلہ روکنا تھا، مگر لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے ویکسین کم پڑنے پر ایک سے زائد مرتبہ تعلقہ اسپتال سے ویکیسن منگوا کر شام تقریباً 7 بجے تک خواہشمندوں کو ٹیکہ لگوایا گیا۔
اس دوران بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے نوجوانوں نے پوری مستعدی اور گرم جوشی کے ساتھ پورے دن کی کارروائی کو دونوں مقامات پر سنبھالا اور بہترین انتظام اور نظم و ضبط کے ساتھ عوامی خدمت انجام دینے میں تنظیم کا بھرپور تعاون کیا۔
بھٹکل مسلم خلیج کونسل کی جانب سے رابطہ ہال میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئیں ۔ اس درمیان ٹی ایچ او ڈاکٹر مورتی راج بھٹ اور تعلقہ ہاسپٹل کے نرسنگ اسٹاف نے پوری دلچسپی اور دلجمعی کے ساتھ اس کیمپ کو کامیاب بنانے میں اپنا رول ادا کیا۔
اس کیمپ کے دوران ویکسینیشن سرٹیفکیٹ میں کسی بھی قسم کے غلط اندراج کو درست کرنے کی بھی سہولت فراہم کی گئی تھی۔
اس مہم میں تعاون کرنے والی سبھی حضرات کا مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی طرف سے شکریہ ادا کیا گیا ہے۔