ریاست بھر کے 54 اسمبلی حلقوں میں اپنے امیدواروں کو کھڑا کرے گی ایس ڈی پی آئی: بھٹکل میں بھی ہو گا پارٹی کا امیدوار
04:39PM Sat 11 Mar, 2023

بھٹکل: 11 مارچ، 2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ‘‘ریاست میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان بہت جلد ہونے والا ہے اس بار سوشیل ڈیمو کریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) نے ریاست کے 224 اسمبلی حلقوں میں سے 54 حلقوں میں اپنے نمائندوں کو کھڑا کرنے کا منصوبہ بنایا ہےجن میں بھٹکل بھی شامل ہے ۔ ان باتوں کی جانکاری سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے ریاستی جنرل سکریٹری افسر کوڈلی پیٹے نے دی ، وہ آج یہاں بھٹکل میں اخباری نمائندوں سے مخاطب تھے’’۔
انہوں نے اس موقع پر بی جے پی اور کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عوام ان سے بیزار ہوچکے ہیں اور کسی اچھی تبدیلی کے انتظار میں ہیں۔ ان کے مقابلے ایس ڈی پی آئی بدعنوانی، فرقہ پرستی ، ذات پات پر مبنی سیاست، سماجی تفریق، عوامی ٹیکس کے پیسوں کی مسلسل لوٹ اورخوف و دہشت کے ماحول کے خلاف ایک محاذ ہے اور ان سب کو ختم کرنے کے لیےاپنے امیدوار کھڑا کرتی ہے۔ اسی پس منطر میں یہاں پر بھی ایس ڈی پی آئی نے اپنا نمائندہ اتارنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر غور و خوض کے بعد بہت جلد نام کا اعلان کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 سال سے ایس ڈی پی آئی ملک کی 20 ریاستوں میں سرگرم عمل ہے ۔ ریاست کرناٹکا کے بلدیاتی اداروں میں 300 سے زائد ایس ڈی پی آئی کے عوامی منتخب نمائندے ذات پات اور مذہب کی تفریق کے بغیر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔