ریاست میں کورونا کا قہر جاری: آج ایک ہی دن میں کورونا کے 515 معاملات۔ اڈپی میں ملے کورونا کے 204 مریض

12:45PM Fri 5 Jun, 2020

بینگلورو: 5 جون،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست کرناٹک میں کورونا مسلسل اپنا قہر ڈھارہا ہے۔ روز بروز بڑھتے معاملات سے حکومت اور عوام دونوں ہی پریشان ہیں اور کسی طرح سے اس پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آج محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہیلتھ بلٹین کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں ریاست میں کورونا کے 515 مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں ضلع اڈپی کے 204 مریض شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 4835 کو پہنچ گئی ہے۔ جبکہ ان میں 1688 افراد صحت یاب ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں اور 57 افراد اس بیماری کا شکار ہوکر لقمہ اجل بھی بن چکے ہیں۔ اسی طرح آج یادگیر میں 74معاملات، وجیاپور میں 53 معاملات، کلبرگی میں 42، بیدر میں 39، بیلگاوی میں 36 معاملات، منڈیا میں 13، بینگلور اربن میں 10 اور بینگلورو رورل میں 12، دکشن کینرا میں 8، اتر کینرا میں 7 اور دیگر مقامات پر ایک دو معاملات پائے گئے ہیں۔