بینگلور میں ٹیچرس ایسوسی ایشن نے ریاستی حکومت کواسکولوں کے نصاب میں 50فیصد کمی کادیا مشورہ
02:44PM Sun 4 Oct, 2020
بینگلورو: 4 اکتوبر،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کورونا کی وجہ سے آدھے تعلیمی سال تک اسکول اور کالجس شروع نہ ہونے کی وجہ سے کالج لکچرار اور اسکول کے اساتذہ پر مشتمل تنظیم نے ریاستی حکومت کو اسکولی نصاب میں امسال 50 فیصد کمی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ریاستی حکومت نے اب تک نصاب میں30 فیصد کمی کا اعلان کرچکی ہے تاہم لیکچرار اور ٹیچرس ایسوسی ایشن کم دنوں کی وجہ سے اس سے مطمئن نہیں ہیں۔
ریاستی وزیر تعلیم سریش کمار کو دیے گئے اس مشورے میں کہا گیا ہے کہ اگر نومبر میں بھی اسکول اور کالج کا آغاز کیا جاتا ہے تو بھی مارچ کے اختتام تک نصاب کو ختم کرنا ہی ہوتا ہے۔ اس لیے اتنی کم مدت میں ستر فیصد نصاب کو مکمل کرنا ممکن نہیں ہے ، اس لیے اس سال نصاب کو پچاس فیصد تک کم کیا جانا چاہئے جبکہ بقیہ کو آئندہ تعلیمی سال یا پھر برج کورسس کے ذریعے مکمل کرنا چاہئے۔
ٹیچرس ایسوسی ایشن کے اس مشورے کے بعد امید ہے کہ محکمہ تعلیم اس سلسلے میں غور کرے گا اور طلبہ کے حق میں بہتر قدم اٹھائے گا۔