سعودی عرب : کرونا وائرس کے قریباً 5000 نئے کیسوں کی تشخیص
04:05PM Wed 17 Jun, 2020

سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 4919 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ مملکت میں ایک دن میں اب تک کرونا کے یہ سب سے زیادہ تشخیص شدہ کیس ہیں۔
سعودی وزارت صحت نے بدھ کو اطلاع دی ہے کہ اب مملکت میں کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 141234 ہوگئی ہے جبکہ کووِڈ-19 کا شکار مزید 39 مریض وفات پا گئے ہیں جس کے بعد مرنے والے مریضوں کی تعداد 1091 ہوگئی ہے۔
گذشتہ دو ہفتوں کے رجحان کے عین مطابق دارالحکومت الریاض میں سب سے زیادہ کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے اور وہاں 2371 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔باقی کیس مملکت کے دوسرے علاقوں اور شہروں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارت نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ کام کی ایک جگہ پر 10 افراد ماسک نہ پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار نہ کرنے کی وجہ سے کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ان میں دو کی حالت تشویش ناک ہے۔ نیز گذشتہ 24 گھنٹے میں مزید 2122 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔