کشمیری شخص نے 500 میٹر طویل کاغذ پر قرآن کریم لکھ کر بنایا ورلڈ ریکارڈ

02:26PM Tue 26 Jul, 2022

دنیا میں لوگ جب انوکھا کارنامہ انجام دینے پر آتے ہیں تو ورلڈ ریکارڈ بناکر ہی مانتے ہیں ۔ جب انسان سچی عقیدت اور لگن سے کام کرتا ہے تب وہ کچھ بھی حاصل کرسکتا ہے ۔ کشمیر کے ایک شخص نے بھی اپنی لگن سے انوکھا کارنامہ انجام دیا ہے ۔ اس نے 500 میٹر طویل کاغذ پر قرآن کریم لکھ کر ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ رائزنگ کشمیر ویب سائٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق گریز ویلی میں شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ میں رہنے والے 27 سال کے مصطفی ابن جمیل نے یہ انوکھا کارنامہ انجام دیا ہے ۔ انہوں نے سخت محنت سے اپنا اور اپنے ملک کا نام روش کرکے ایک ورلڈ ریکارڈ بنایا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق مصطفی نے 500 میٹر طویل کاغذ پر قران کریم کو لکھ کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا ہے ۔
کشمیر میں رہنے والے فوٹو جرنلسٹ باسط زرگر نے حال ہی میں اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے۔ اس ویڈیو میں مصطفیٰ کا ریکارڈ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ مصطفیٰ کیلی گرافر ہیں اور انہوں نے یہ کام 7 ماہ میں مکمل کیا ہے۔ لنکن بک آف ریکارڈز نے ان کے کارنامہ کو عالمی ریکارڈ مانا ہے اور اس پر انہیں انعام بھی دیا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق مصطفیٰ نے 14.5 انچ چوڑے اور 500 میٹر لمبے کاغذ پر قرآن مجید لکھا ہے۔ یہی نہیں الجزیرہ کے ٹویٹر ویڈیو کے مطابق وہ روزانہ 18 گھنٹے تک کاغذ پر قرآن کریم لکھتا تھا۔ مصطفیٰ نے بتایا کہ اس نے اپنی ہینڈ رائٹنگ کو بہتر بنانے کے لیے کیلی گرافی سیکھنی شروع کی۔ کیلی گرافی سیکھتے ہوئے وہ اپنے دستخط بناتے تھے اور آیات قرآنی لکھتے تھے۔ پھر انہوں نے سوچا کہ پورا قرآن کریم ہی لکھ دوں۔