اسپین: بدعنوانی اور دہشت گردی روکنے کے لئے 500 یورو کے نوٹ پر پابندی
03:05PM Mon 4 Feb, 2019

میڈرڈ: اسپین نے کرپشن اور دہشت گردی روکنے کے لئے پانچ سو یورو کا نوٹ پرنٹ کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ بینک آف اسپین نے یورپین بینک کے نئے سسٹم کو جو مئی 2016 کو رائج کیا گیا تھا فالو کرتے ہوئے، آج سے 500 کے نوٹ چھاپنے پر پابندی لگادی اس پابندی کی وجہ سے آج کے بعد 500 کا کوئی نوٹ مزید نہیں چھاپا جائے گا۔
اب تک 500 یورو کے جو نوٹ مارکیٹ میں موجود ہیں یا عوام کے پاس ہیں ان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جو نوٹ مارکیٹ میں پہلے سے گردش کر رہے ہیں، ان کی ویلیو میں کوئی کمی نہیں آئے گی، آپ اس سے خریدو فروخت کرسکیں گے اورکسی بھی بینک سے انہیں تبدیل بھی کرایا جا سکے گا۔
بینک آف اسپین کے مطابق اب تک گردش شدہ 5 سو یورو نوٹوں کی مالیت 4 کھرب 81 ارب روپے ہے، 500 کا نوٹ کب تک بازار میں گردش کرے گا، اس حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ جب تک پانچ سو یورو کا نوٹ خود ختم نہیں ہو جاتا یا جب تک کوئی نیا فیصلہ نہیں لیا جاتا تب تک 5 سو یورو کے نوٹ کا وجود اور ویلیو برقرار رہیں گے۔
اسی طرح بینک آف یوروپ اور بینک آف اسپین کی طرف سے 100 یورو اور 200 یورو کے نوٹوں میں تبدیلی کی گئی ہے یعنی اس کی ڈیزائن اور بناوٹ پہلے سے مختلف ہوگی، یہ نوٹ رواں ہفتے سے مارکیٹ اور بینکوں میں گردش کے لیے پیش کر دیئے جائیں گے۔ نوٹوں کی رنگت کو تھوڑا اور واضح کیا گیا ہے اور سیکورٹی پٹی اور یوروپین یونین کے نشان کو مزید گہرا کر دیا گیا ہے۔
ان تبدیلیوں سے 100 اور 200 یوروکے نوٹ کی کاپی بنانا یا انہیں جعلی شکل دینا بہت مشکل ہوگا، نئے نوٹوں کی بناوٹ کے ساتھ ساتھ ڈیزائن پہلے سے کافی اُبھرے ہوئے ہوں گے اور ہاتھ لگانے سے ہی نقل اور اصل کا آسانی سے پتا چل جائے گا۔