سعودی عرب اور یواے ای کا یمن کیلیے 500 ملین ڈالر اضافی امداد کا اعلان
03:30PM Wed 21 Nov, 2018

ریاض: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے یمن میں قحط و افلاس سے نمٹنے کے لیے مزید 500 ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی امور کے عمومی نگران عبداللہ الربیعہ اور متحدہ عرب امارات کی وزیر برائے بین الاقوامی تعاون بریم الھاشمی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں یمن کے لیے 500 ملین ڈالر کی اضافی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یمن میں انسانی بحران شدت اختیار کر گیا ہے، بھوک اور افلاس نے ہزاروں انسانوں کی جانیں نگل لیں۔ نازک صورت حال سے ہنگامی طور پر نبرد آزما ہونے کے لیے فوری طور پر امدادی رقم میں 500 ملین ڈالر کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے 10 سے 12 ملین شہریوں کو غذا فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے یمن کے لیے امدادی رقم میں اضافے کا اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیموں نے تین سالہ جنگ کے دوران خوراک کی کمی کے باعث 85 ہزار بچوں کی ہلاکت کا انکشاف کیا ہے اور فریقین پر جنگ بندی کے لیے عالمی دباؤ میں اضافہ ہوا۔