ریاست میں سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد 50 سے متجاوز

03:39PM Tue 3 Mar, 2015

بھٹکلیس نیوز/3مارچ ،15 بنگلورو/ریاست بھر میں سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد آج 50سے متجاوز ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی کل شہر کے راجیو گاندھی چسٹ انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹروں کی لاپرواہی کے نتیجہ میں سوائن فلوکے ایک مریض کی موت کے واقعہ نے حکومت کو پشیمان میں ڈال دیا ہے۔اڈپی میں سوائن فلو سے آج ایک اور موت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ شہر میں کل گنیش نامی ایک تاجر کی اسپتال کی لاپرواہی کے نتیجہ میں موت کے واقعہ کی محکمہ میڈیکل ایجوکیشن کے ڈائرکٹر کی طرف سے جانچ کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ چونکہ راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ اس محکمہ کے تحت آتی ہے، اسی لئے اس محکمہ کے سربراہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس معاملے کی تیزی سے جانچ مکمل کی جائے۔ اس دوران آج وزیر صحت یوٹی قادر نے کہاکہ اس اسپتال میں تمام سہولیات بہترین ہیں، لیکن اچانک بجلی گل ہوجانے کے سبب وینٹی لیٹر کے ناکارہ ہوجانے کا واقعہ افسوسناک ہے۔ اس معاملے کی جانچ کے احکامات دے دئے گئے ہیں۔ جانچ رپورٹ ملنے کے بعد خاطیوں پر یقینا کارروائی کی جائے گی۔ ریاستی حکومت کی طرف سے گنیش کے ورثاءکو کسی طرح کا معاوضہ ادا کرنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے مسٹر قادر نے کہاکہ اسپتال میں ہونے والی اس طرح کی موت پر ضوابط کے تحت معاوضہ دینے کی گنجائش نہیں ہے۔پھر بھی گنیش کے ورثاءکومعاوضہ چاہئے تو وہ عدالت سے رجوع ہوں۔ مسٹر قادر نے کہاکہ اس معاملے میں کارروائی بھی ان کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے، چونکہ یہ اسپتال محکمہ میڈیکل ایجوکیشن کے تحت آتی ہے ، اسی لئے متعلقہ وزیر کے ساتھ انہوں نے اسپتال کا دورہ کیا۔ مسٹر قادر نے کہاکہ گنیش جس وارڈ میں داخل تھے اسی وارڈ میں مزید چار پانچ مریض وینٹی لیٹر پر تھے۔بجلی گل ہوجانے کے سبب اگر وینٹی لیٹر کام کرنا بند کرچکا تو محض وہ ایک اتفاق ہے۔ اگر واقعی بجلی فوری طور پر بحال نہ ہوتی تو اس وارڈ میںداخل دیگر مریضوں کی حالت بھی وہی ہوجاتی۔ انہوں نے کہاکہ اسپتال کے عملے نے اس معاملے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی، بجلی کو فوراً بحال کرنے میں انہوں نے اپنی ذمہ داری نبھائی ہے۔ ع،ح،خ