بڑی خبر: بیلٹ پیپر سے انتخاب ممکن نہیں تو 50 فیصد وی وی پیٹ پرچیوں کی ہو گنتی... کھڑگے
02:56PM Mon 4 Feb, 2019
کھڑگے نے 50 فیصد وی وی پیٹ پرچیوں کی گنتی یقینی بنانے کا کیا مطالبہ
ای وی ایم مشینوں پر اٹھ رہے سوالات کے درمیان کانگریس کی قیادت میں 21 اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران نے انتخابی کمیشن سے غیر جانبدارانہ اور خامیوں سے خالی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ملکارجن کھڑگے نے اس سلسلے میں ایک عرضداشت بھی پیش کیا۔ بعد ازاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران انھوں نے کہا کہ اگر بیلٹ سے انتخابات ممکن نہیں تو پھر 50 فیصد وی وی پیٹ پرچیوں کی گنتی کی جائے تاکہ ووٹروں کو کسی طرح کا اندیشہ نہ رہے۔
آئندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل اپوزیشن پارٹیوں نے ای وی ایم پر اٹھ رہے سوالوں کے بعد انتہائی اہم قدم اٹھاتے ہوئے الیکشن کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔ اپنی شکایتیں لے کر کانگریس کی قیادت میں کئی اپوزیشن پارٹیاں الیکشن کمیشن پہنچ چکے ہیں۔ جو لیڈران الیکشن کمیشن پہنچتے ہیں ان میں کانگریس سے غلام نبی آزاد، ملکارجن کھڑگے، احمد پٹیل، آنند شرما، ٹی ڈی پی سے چندرا بابو نائیڈو، این سی پی سے ماجد مینن، ترنمول کانگریس سے ڈیریک او برائن، سماجوادی پارٹی سے رام گوپال یادو، بہوجن سماج پارٹی سے ستیش چندر مشرا، سی پی آئی ایم سے محمد سلیم اور ٹی کے رنگا راجن، آر جے ڈی سے منوج جھا، عآپ سے سنجے سنگھ، سی پی آئی سے ڈی راجہ، جنتا دل سیکولر سے دانش علی، اے آئی یو ڈی ایف سے بدرالدین اجمل سمیت کئی دیگر پارٹیوں کے نمائندگان بھی شامل ہیں۔