ملک بھر میں ’یَس بینک‘ کے باہر لگی لمبی قطاریں، 50 ہزار بھی نہیں نکال پا رہے لوگ

03:33PM Sat 7 Mar, 2020

یَس بینک تنازعہ کی وجہ سے پورے ملک میں اس بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرس پریشان ہیں۔ کئی ریاستوں سے ایسی تصویریں سامنے آ چکی ہیں جہاں یَس بینک میں اکاؤنٹ رکھنے والے لوگ اپنا پیسہ نکالنے کے لیے برانچ میں پہنچے ہیں، لیکن وہ پیسے نہیں نکال پا رہے۔ اس وجہ سے اکاؤنٹ ہولڈرس میں زبردست ناراضگی بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ طے حد کے مطابق اس بینک سے 50 ہزار روپے نکالے جا سکتے ہیں، لیکن اتنا پیسہ بھی لوگوں کے لیے نکالنا ممکن نہیں ہو پا رہا ہے۔ یَس بینک کے اے ٹی ایم بھی خالی پڑے ہوئے ہیں اس لیے لوگوں کی لائن بینک برانچوں میں لگی ہوئی نظر آ رہی ہے۔
 ملک کی راجدھانی دہلی، اتر پردیش، گجرات، مہاراشٹر، اڈیشہ اور حیدر آباد سمیت کئی ریاستوں میں یَس بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرس دقتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان سبھی ریاستوں میں یَس بینک کے اے ٹی ایم سے کیش ختم ہو چکا ہے اور دوبارہ کیش نہیں ڈالا گیا۔ بینکوں کے باہر اپنا پیسہ نکالنے کے لیے لمبی لائنوں میں کھڑے اکاؤنٹ ہولڈرس کا الزام ہے کہ 50 ہزار روپے بھی وہ نہیں نکال پا رہے جس کی وجہ سے ضروری کام متاثر ہو رہا ہے۔
دہلی میں یَس بینک کے ایک اکاؤنٹ ہولڈر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’’یَس بینک کے اے ٹی ایم میں تو پیسہ ہی موجود نہیں، اور دیگر اے ٹی ایم سے بھی یَس بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرس پیسہ نہیں نکال پا رہے۔‘‘ گجرات کے کچھ علاقوں میں موجود یَس بینک کے برانچوں کے باہر بھی لگی لمبی لائنوں کی تصویریں سامنے آئی ہیں، اور اس بھیڑ کے مدنظر سیکورٹی انتظامات سخت کر دئیے گئے ہیں۔ جگہ جگہ لوگوں کی ناراضگی اور ہنگامہ کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔