وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر کا بھٹکل سرکاری اسپتال دورہ: 50 زائد بیڈ کی منظوری سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی کا تیقن

05:09AM Thu 13 Oct, 2022

بھٹکل:12؍ اکتوبر،2022(بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاستی وزیر برائے صحت ڈاکٹر سدھاکر  ضلع میں طبی سہولتوں کا جائزہ لینے اور اتر کینرا میں سوپر اسپیاشلٹی اسپتال کے لیے جگہ کا تعین کرنے ایک روزہ دورے پر تھے ۔ اس دوران جہاں انہوں نے کاروار، کمٹہ، انکولہ اور ہوناور کا دورہ کیا وہیں دیر رات وہ بھٹکل کے سرکاری اسپتال پہنچے اور اسپتال میں موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر صحت نے اسپتال کے منتظمین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسپتال پچھلے دو تین برسوں میں کافی ترقی کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے بجٹ میں بھٹکل سرکاری اسپتال کے لئے 50بیڈ کا اضافہ کرنے کے علاوہ  اسکیاننگ مشین کےلئے امداد منظور کیے جانے کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹکل کے اسپتال میں اگر چہ کہ زچگیوں کی تعداد زیادہ نہیں ہے  لیکن پھر بھی خصوصی معاملات کے زمرے میں شامل کرتےہوئے بھٹکل کےلئے ’’تائی ، مگو (ماں بچہ ) ‘‘اسپتال کا ایک وارڈ منظور کئےجانے کی کوشش کی جائے گی۔ وزیر موصوف نے اس موقع پر اسپتال میں بی پی ایل کارڈ والوں کے لیے لیباریٹیری کی خدمات مفت دینے کے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غریبوں کو اخراجات کے بوجھ سے نجات دلانے کی طرف یہ ایک قدم ہے۔  انہوں نے بی پی ایل کارڈ والوں کے لیے اسپتال میں انجام دی جانے والی سبھی خدمات مفت میں کیے جانےکے لیے اقدام کرنےکی بھی ہدایت دی۔ اس موقع پر ان کے ساتھ اترکنڑا ضلع نگراں کار وزیر کوٹاشری نواس پجاری ، رکن اسمبلی سنیل نائک، محکمہ صحت عامہ کے سکریٹری ڈی رندیپ ، ڈپٹی کمشنر ملئی مہیلن ، ضلع پنچایت چیف ایکزیکٹیو آفسر پریانگا، ضلع میڈیکل افسر ڈاکٹر شرد نایک، بھٹکل سرکاری اسپتال کی میڈیکل افسر ڈاکٹر سویتا کامت موجود تھے۔   خیال رہے کہ اس سے قبل  ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر نے کاروار انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (کریمس) کا معائنہ کرنے کے بعد اس کا درجہ بڑھا کرسوپر اسپیشالٹی اسپتال کا درجہ دینے  کا اعلان کیا ہے اور کمٹہ کے مرجان میں سوپر اسپیشالٹی اسپتال قائم کرنے کے لئے مجوزہ ایتین بیل علاقے کا جائزہ  بھی لیا۔ جس کے بعد امید ہے کہ اتر کینرا کے عوام کا ایک دیرینہ خواب پورا ہوگا اور انہیں اپنے ضلع میں ہی بہترین طبی سہولیات مہیا ہونگی ۔