شیوسینا رکن پارلیمنٹ سنجے راوت بولے۔ 50-50 کے فارمولے سے نہیں ہٹیں گے پیچھے

04:20PM Thu 31 Oct, 2019

نئی دہلی۔  مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد شیوسینا اور بی جے پی کے درمیان ختم ہوتی کشمکش ایک بار پھر سے تیز ہو گئی ہے۔ اب شیوسینا کے سینئر لیڈر سنجے راوت نے ریاست میں حکومت سازی کو لے کر ایک بار پھر بڑا بیان دے دیا ہے۔ سنجے نے 50-50 کا فارمولا ایک بار پھر چھیڑتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے اس قدم سے کسی بھی صورت میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کی صورت میں کابینہ میں 50-50 کا فارمولا ہی رہے گا۔ سنجے نے کہا کہ ہم کسی بھی قیمت پر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اگر کوئی اپنے وعدے سے پیچھے ہٹا ہے تو وہ ہمارے حلیف ہیں۔ ہم اپنی مانگ پر قائم ہیں اور اسی کے ساتھ آگے جائیں گے۔
وہیں، اس سے پہلے مہاراشٹر بی جے پی کی ترجمان شویتا شالنی نے دعوی کیا تھا کہ 105 اپنے ارکان اسمبلی کے علاوہ 15 آزاد ممبران اسمبلی پارٹی کے رابطے میں ہیں۔ یہ بی جے پی سے ہی جڑے رہے۔ ٹکٹ نہ ملنے پر آزادانہ طور پر لڑ کر انتخابات جیتے ہیں۔ تاہم، شالنی نے اسی کے ساتھ یہ بھی کہا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ شیوسینا کو ساتھ لے کر بی جے پی آرام سے حکومت بنا لے گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نئی حکومت میں اعلیٰ عہدے پر بنے رہیں گے۔