ایران میں ایک گھنٹے میں کرونا کے 50 نئے مریض،10 منٹ میں ایک ہلاکت
04:20PM Fri 20 Mar, 2020

ایرانی وزارت صحت نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلنے سے ہونے والی اموات کی تعداد آج 1284 ہوگئی ہے۔اس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 18 ہزار407 تک جا پہنچی ہے۔ ایران مشرق وسطیٰ میں کرونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن چکا ہے۔
ایران کے نائب وزیر صحت علی رضا رئیسی نے کہا کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 149 نئی اموات ہوئی ہیں۔ کرونا وائرس کی وجہ سے اموات کی تعداد 1284 تک پہنچ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کل سے ہمارے پاس 1046 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔
صوبہ تہران میں سب سے زیادہ 137 کرونا مریض سامنے آئے ۔اس کے بعد اصفہان میں 108 اور صوبہ گیلان میں 73 افراد میں کرونا کی تشخیص کی گئی۔
رئیسی نے کہا کہ تہران اور اصفہان سمیت 11 گورنریوں میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ عوام نے حکومت کی ہدایت کی تعمیل شروع کی ہے اور وہ گھروں میں بند ہوگئے ہیں۔