ریاست میں 5 جولائی کو ہورہا ہے تیسرے مرحلے کا اَن لاک: کیا شاپنگ مال کے ساتھ عبادت گاہیں بھی کھل جائیں گیں؟؟؟
03:48AM Fri 2 Jul, 2021
بنگلور: 02 جولائی، 2021 (سالار نیوز/بھٹکلیس نیوز بیورو) 5 جولائی کو کرناٹک میں جب ان لاک کا اگلا مرحلہ نافذ ہو گا اس دوران امکان ہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے عبادت گاہوں کو کھولنے کی اجازت دے دی جائے ۔ ریاستی وزیر براۓ مزرائی کوٹہ سرینواس پجاری نے اس سلسلہ میں اشارہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کوڈ ٹاسک فورس اور دیگر محکموں سے اس معاملہ میں تبادلہ خیال میں لگے ہوۓ ہیں کہ 5 جولائی کو جب ریاست میں ان لاک کے تیسرے مرحلہ کا آغاز ہوگا اس میں عبادت گاہوں کو بھی کھول دیا جاۓ اور اس کیلئے رہنما خطوط وضع کئے جائیں ۔
مندروں کو کھولنے کے بارے میں متعلقہ وزیر نے بتایا کہ پہلے ان مندروں کو کھو لنے کی بات کی جارہی ہے جن کی آمدنی سالانہ 25 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل مدت کے بعد عبادت گاہوں کے کھلنے سے ممکن ہے کہ معتقدین کی بھیٹر امڈ پڑے اس کیلئے بھی تمام احتیاطی تدابیر وضع کرنے کیلئے انہوں نے افسروں کو ہدایت جاری کی ہے ۔ زیادہ تعداد میں لوگوں کے عبادت گاہوں میں پہنچنے سے اندیشہ ہے کہ کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوجائے ۔
وزیر موصوف نے کہا کہ تمام مذاہب کے رہنماؤں کی طرف سے حکومت پر اس بات کیلئے دباؤ ہے کہ جب بازاروں کو لاک ڈاؤن میں نرمی کے نام پر کھول دیا گیا ہے تو پھر عبادت گاہوں کو کیوں بند رکھا گیا ہے ۔ حکومت اس بات پرغور کر رہی ہے کہ عبادت گاہوں میں نرمیوں کا نفاذ مرحلہ وار کرے اور یہاں آنے والے معتقدین کیلئے سخت ضوابط وضع کئے جائیں ۔
خیال رہے کہ کر نا ٹک بھر میں 24/اپریل کو نافد کیے گئے لاک ڈاؤن سے ہی عبادت گا ہیں بند ہیںجس کے بعد اس پر اب تک تقریبا ڈھائی ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے ۔ وزیر اعلی بی ایس ایڈی یور پانے اشارہ دیا ہے کہ حکومت 5 جولائی سے مال کھولنے کی تیاریوں میں ہے جلد ہی اس کے بارے میں فیصلہ لیا جاۓ گا۔