ان لاک 5 میں ان ریاستوں میں بند رہیں گے اسکول، جانیں کیا ہے آپ کی ریاست کا حال

01:15PM Tue 6 Oct, 2020

ان لاک 5: کئی ماہ سے پورے ملک میں بند پڑے اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ مرکزی حکومت نے ان لاک 5 کے عمل کے دوران لیا ہے۔ اس کیلئے وزارت داخلہ نے گائیڈ لائنس بھی جاری کی ہیں۔ حالانکہ اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ ریاستی حکومتوں کے اوپر چھوڑا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ حقیقت کا پتہ لگاکر اس کے مطابق فیصلہ لے سکتی ہیں۔ ایسے میں الگ۔الگ ریاستوں نے اپنے یہاں کے حالات کے مد نظر الگ۔الگ فیصلہ لیا ہے۔ آیئے بتاتے ہیں کہ کس ریاست نے کیا فیصلہ لیا ہے۔ ان لاک 5 (Unlock) میں مہاراشٹر، دہلی اور مغربی بنگال جیسی کئی ریاستوں نے اسکولوں کو فی الحال بند رکھنے کا ہی فیصلہ لیا ہے۔ ان ریاستوں میں اسکولوں کو 31 اکتوبر تک بند رکھا جائے گا۔ وہیں اتراکھنڈ میں اس ہفتے اعلان کیا جاسکتا ہے کہ کب تک اسکولوں کو کھولا جائے گا۔ یوپی اور کرناٹک کی بات کریں تو ان ریاستوں میں 15 اکتوبر تک اسکول بند رہیں گے۔ اسکولوں کو کھولنے کے بارے میں پندرہ اکتوبر کو آفیشیل نوٹس سے پتہ چلے گا۔ تملناڈو نے بھی حالات کے مد نظر اپنے پرانے فیصؒے کو تبدیل کرکے اسکول بند رکھنے کا فیصلہ لیا۔ جن ریاستوں میں 21 ستمبر کو اسکول کھولے گئے تھے ان میں کلاس نو سے بارہ کے طلبا کو آنے کی اجازت جاری رہے گی۔ قابل غور ہے کہ جن ریاستوں میں پہلے سے اسکول کھلے ہوئے ہیں ان میں باقاعدہ کلاسوں کا کوئی بندوبست نہیں ہوگا لیکن طلباء گائیڈ لائنس پر عمل کرتے ہوئے آسکتے ہیں۔ پنجاب ، ہریانہ ، جموں وکشمیر ، میگھالیہ وغیرہ میں اسکولوں کو کھولا گیا ہے لیکن طلبا کو صرف رہنمائی (guidance ) کے لئے آنے کی اجازت ہے۔
مرکزی وزارت صحت و خاندنی بہبود اور وزارت داخلہ کے مطابق حاضری ضروری نہیں ہے۔ یہ فیصلہ والدین کے فکر و پریشانی کو دھیان میں رکھتے ہوئے لیا گیا ہے۔ نئی گائیڈ لائنس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسکول کیمپس میں 200 سے زیادہ لوگوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گائیڈ لائنس میں اسکول کھولنے کے اصول بتائے گئے ہیں۔ اس سے قبل طلبا کے والدین نے حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکول کھولنے کے فیصلے میں دلچسپی نہیں ظاہر کی تھی۔