کورونا: چین سمیت 5 ممالک سے ہندوستان پہنچنے والے مسافروں کا آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ لازمی، ریاستوں کو کچھ اہم ہدایات جاری

03:02PM Sat 24 Dec, 2022

عالمی سطح پر کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے ہندوستان میں احتیاطی اقدامات اختیار کیے جانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے اب کچھ کورونا متاثرہ ممالک سے ہندوستان پہنچنے والے مسافروں کا آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ لازمی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ہفتہ کے روز مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے کہا کہ چین، جاپان، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ اور جنوبی کوریا سے ہندوستان آنے والے لوگوں کو آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ انھوں نے ساتھ ہی جانکاری دی کہ جلد ہی اس سلسلے میں تفصیلی احکامات جاری کیے جائیں گے۔
اس درمیان وزارت برائے شہری ہوابازی نے بھی ایک حکم جاری کیا ہے۔ اس میں چین، جاپان، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ سے ہندوستان کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے 'ایئر سُویدھا' فارم بھرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ افسران کے ذریعہ یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ دہلی، ممبئی، حیدر آباد، بنگلورو، چنئی، احمد آباد، پونے، اندور اور گوا سمیت مختلف ہوائی اڈوں پر آج صبح مسافروں کی آر ٹی-پی سی آر کووڈ جانچ شروع ہو گئی ہے۔