دبئی میں حکومتی محکمے کو گالیاں دینے والے کو 5 لاکھ درہم جرمانہ
12:33PM Thu 8 Feb, 2018
ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی حکومت کو برا کہنے والے شخص کو 5 لاکھ درہم (87/لاکھ ہندوستانی روپئے) سمیت 3 ماہ قید کی سزا سنادی گئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے کاروباری مرکز دبئی کی فوجی عدالت نے حکومت کو برا بھلا کہنے پر ایک شخص کو 3 ماہ قید اور 5 لاکھ اماراتی درہم جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
سعودی خبرایجنسی کے مطابق دبئی میں مقیم ایک غیرملکی شخص نے ای میل کے ذریعے ایک سرکاری ادارے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے گالم گلوچ بھی کی۔ جس پر پراسیکیوٹر جنرل نے ملزم پر انسدادِ سائبر کرائم قانون کے تحت ریاست کی توہین کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت ترین سزا کی سفارش کی۔
پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت میں بیان دیا کہ ملزم نے اقبالِ جرم کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنی ای میل میں حکومتی محکمے کو ناصرف تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ گالیاں بھی لکھی تھیں، تاہم ملزم نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ اسے ڈرائیونگ ٹیسٹ کے محکمے کی جانب سے توہین کا سامنا کرنا پڑا اور گالیاں بھی دی گئیں۔ فوجی عدالت نے شواہد کی بنیاد پر ملزم کو 3 ماہ قید اور 5 لاکھ اماراتی درہم کی سزا سنا دی۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں انسداد سائبر جرائم کے لئے منظور کردہ قانون کے آرٹیکل 20 میں ایسے جرائم میں ملوث افراد کو ڈھائی لاکھ سے 5 لاکھ درہم جرمانہ یا قید، اور ایک ہی وقت میں دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں۔