ترنمول کانگریس اور ڈی ایم کے سمیت 5 پارٹیوں کے 19 راجیہ سبھا اراکین معطل
12:34PM Tue 26 Jul, 2022
Share:
نئی دہلی: راجیہ سبھا میں ہنگامہ اور نعرے بازی کرنے پر ایوان کے 19 اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کو اس ہفتہ کی باقی ماندہ مدت کے لئے معطل کر دیا گیا ہے۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ معطل اراکین میں سب سے زیادہ ترنمول کانگریس کے ہیں۔ ٹی ایم سی کے موسم نور، سشمیتا دیو، شانتا چھیتری، ڈولا سین، شانتنو سین، ابھی رنجن بسواس اور محمد ندیم الحق اب اس ہفتہ کی باقی ماندہ مدت میں شریک نہیں ہوسکیں گے ۔
وہیں ڈی ایم کے سے حامد عبداللہ، ایس کلیان سندرم، آرگرنجن، این آر ایلینگو، ایم شنموگم، این وی ایم سومو کنی موزی کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ سی پی آئی (ایم) کے اے اے رحیم، وی شیوداسن، سی پی آئی کے سندوش پی کمار اور ٹی آر ایس کے بی لنگیا یادو، رویندر وڈی راجو اور دامودر راؤ دیوکونڈا کو ایوان سے معطل کر دیا گیا ہے ۔
راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے کچھ ارکان کی معطلی کے بعد ترنمول کانگریس کے لیڈر ڈیرک اوبرائن نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن نہیں بلکہ حکومت خلل ڈال رہی ہے ، جبکہ مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ راجیہ سبھا سے اپوزیشن ارکان کو معطل کرنے کا فیصلہ بھاری من سے کیا گیا ہے ۔ گوئل نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ نے آسن کی اپیلوں کو بار بار نظر انداز کیا، جس کے بعد انہیں معطل کیا گیا۔
ادھر کانگریس اور کئی دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے منگل کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے مہنگائی اور گڈس اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) پر جاری تعطل اور جانچ ایجنسیوں کے مبینہ غلط استعمال پر پارلیمنٹ میں مداخلت کرنے کی اپیل کی۔ ان پارٹیوں نے ایک خط میں کہا ہے کہ ’’یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران دونوں ایوانوں میں تعطل ہے کیونکہ حکومت مہنگائی اور کئی کھانے پینے کی اشیاء پر جی ایس ٹی لگانے کے معاملہ پر بات کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔‘‘