ملک گیر ویکسی نیشن مہم پر لگا بریک بھاجپا زیر اقتدار 5 ریاستوں سمیت 11 ریاستوں نے کیا ویکسی نیشن سے انکار
04:11AM Sun 2 May, 2021
نئی دہلی، 2 مئی،2021 (ایجنسی)روسی ساختہ کورونا ویکسین اسپوتنک پنجم کی پہلی کھیپ ہفتہ کو ہندوستان پہنچی۔ اسے لے کرآنے والا طیارہ حیدرآباد اترا۔ اس ویکسین کو ملک میں اچانک ویکسین کی کمی کے پیش نظر منظور کیا تھا۔ روسی ڈائریکٹ انوسٹمنٹ فنڈ (آرڈی آئی ایف) کمپنی اس ویکسین کی تیاری اورنشر و اشاعت کی نگرانی کر رہی ہے۔ آر ڈی آئی ایف کے سی ای او نے کہا ہے کہ فی الحال بھارت میں ہر ماہ 50 ملین خوراک دی جائیں گی، کچھ عرصے کے بعد کمپنی مزید پیداوار میں اضافہ کرے گی۔ ایک معاہدے پر ہندوستان میں 5 بڑے ویکسین مینوفیکچررز کے ساتھ ایک سال میں 85 کروڑ (850 ملین) خوراکیں تیار کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔ دوسری طرف کورونا ویکسین یکم مئی سے 18 سال سے 44 سال تک کی عمر کے تمام شہریوں کو لگائے جا رہے ہیں۔ادھر متعدد ریاستوں نے ویکسین اسٹاک میں نہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے آج سے ویکسی نیشن پروگرام شروع کرنے سے انکار کیا ہے۔مگر مرکزی حکومت نے ان بیانات کے بر عکس دعویٰ کرتے ہوئے کہاہے کہ تمام ریاستوں میں 1 کروڑ سے زیادہ خوراک دستیاب ہے، اور انہیں اگلے تین دن میں 20 لاکھ خوراکیں مزید ملیں گی۔ مرکز نے یہ بھی بتایا کہ حکومت 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کیلئے ویکسین فراہم کرتی رہے گی۔واضح ہو کہ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاست مدھیہ پردیش، گوا، گجرات، اروناچل پردیش اور کرناٹک سمیت مغربی بنگال، دہلی، اوڈیشہ، پنجاب، تلنگانہ اور آندھرا پردیش یعنی 11 دیگر ریاستوں ویکسین اسٹاک میں نہ ہونے کی دلیل دیتے ہوئے بر وقت ویکسی نیشن پروگرام شروع کرنے سے انکار کیا ہے۔