رابطہ سوسائٹی کی طرف سے بہت سے ترقیاتی کام ہیں جاری: سکریٹری جنرل نے تین ماہ کی سرگرمیوں کے متعلق دی جانکاری: آئندہ کے منصوبوں سے بھی کیا روشناس
05:15PM Mon 31 Jan, 2022

بھٹکل : 31 جنوری،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) "خلیج کی دس جماعتوں کا متحدہ وفاق کہلانے والی بھٹکل مسلم خلیج کونسل (رابطہ سوسائٹی) کی نئی میعاد شروع ہوکر تین ماہ گزر چکے ہیں اور ان تین مہینوں میں رابطہ کے ذمہ داران نے جہاں بھٹکل کے مرکزی اور دیگر اداروں سے مل کر ترقیاتی کام کرنے اور شہر کے مسائل کو حل کرنے کی بات رکھی ہے وہیں انتظامیہ کے ساتھ بھی ورچوئل میٹنگ کے ذریعے آگے کرنے کے منصوبوں کی خبر دیتے ہوئے ان سے اس تعلق سے مشورہ لیا ہے"۔
اس کی جانکاری بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل عتیق الرحمٰن منیری نے دی وہ آج یہاں بعد نماز عشاء رابطہ سوسائٹی میں منعقد اخباری کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھے ۔
انہوں نے کہا کہ رابطہ کی طرف سے ہر سال منعقد ہونے والا تعلیمی ایوارڈ کورونا کی وجہ سے تین سالوں سے منعقد نہیں ہوپایا ہے اس لیے اس سال کے اگست میں تین برسوں کا رابطہ تعلیمی ایوارڈ منعقد کیا جائے گا جس کی تفصیل جلد منظر عام پر آئے گی۔ خلیج میں رہنے والوں کے لیے مکان اور جگہوں کی سہولت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ خلیج کونسل نے اس تعلق سے سوچا ہے کہ خلیج میں کمانے والے جماعتوں کے ممبران جن کا بھٹکل میں اپنا ذاتی مکان نہیں ہے ان کے لیے کسی اسکیم کے تحت مکان یا جگہ کی سہولت دی جائے گی اور وہ حضرات جو خلیجی جماعتوں میں عہدوں پر رہ کر سبکدوش ہوکر وطن لوٹتے ہیں ان سے بھی استفادہ کے تعلق سے غور کیا جائے گا ۔ انہوں نے زکوۃ کا سینٹرل نظام کا منصوبہ بھی رابطہ کے زیر غور ہونے کی بات کہی اور کہا کہ اس کو بھٹکل کے کسی ایک مرکزی ادارے کے ماتحت چلانے کی کوشش کی جائے گی ۔
موصوف سکریٹری جنرل نے بھٹکل میں بہترین اسپتال کے قیام کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ خلیج کونسل صحت عامہ کے تعلق سے سوچتے ہوئے بھٹکل میں بہترین سہولیات سے آراستہ اسپتال کے قیام پر غور کر رہی ہے ۔انہوں نے اس موقع پر رابطہ کی عمارت میں موجود کلینک کو بھی بہترین سہولیات سے آراستہ کرنے کی بات کہی۔
انہوں نے رابطہ کی عمارت کو مزید متحرک کرنے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ کی عمارت میں آرائش و تزئین کا کام بہت جلد شروع کیا جارہا ہے جس کے بعد امید ہے کہ یہاں لوگوں کی ہلچل دکھے گی۔
انہوں نے اس موقع پر رابطہ کے منصوبوں میں کلین بھٹکل، بے روزگاروں کے لیے آئی این ایف کو ساتھ لے کر چھوٹی صنعت کے مواقع فراہم کرنا، جامعہ روڈ اور دیگر مقامات سے کچروں کی نکاسی کے لیے عارضی حل نکالنا،نوجوان نسل کو تعلیمی میدان میں ترقی دلانے کے لیے مختلف طریقوں پر کوشش کرنا، چھوٹے بچوں کےگاڑیاں چلانے پر روک لگانے پر بھی غور و خوص ہونے کی خبر دی اور کہا کہ ان سب کو عملی جامہ پہننانے کے لیے انتظامیہ کے سامنے خاکہ رکھا گیا ہے اور امید ہے کہ انتظامیہ اس کو قبول کرتے ہوئے آگے بڑھائے گی۔
انہوں نے اس موقع پر بھٹکل قومی شاہراہ کے بائی پاس کے مسئلہ پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے مجلس اصلاح و تنظیم برادران وطن کو ساتھ لے کر کوشش کر رہی ہے جس کے لیے رابطہ سوسائٹی کا بھی اس کو تعاون حاصل ہے اور امید ہے کہ یہ مسئلہ جلد از جلد حل ہوگا۔
اس کے علاوہ انہوں نے بھٹکل میں یو جی ڈی مسئلہ، عیدگاہ کے سامنے باکڑوں کا مسئلہ، مچھلی مارکیٹ کی منتقلی کا مسئلہ اور اس طرح کے دیگر مسائل پر بھی بات کی اور کہا کہ تنظیم میونسپال کے ساتھ مل کر اس کو حل کرنے میں لگی ہوئی ہے اور ان تمام معاملات میں رابطہ سوسائٹی تنظیم کے ساتھ ہے ۔
اس موقع پر بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے خازن جیلانی محتشم، رابطہ کے مینجر مناظر احسن سکری، جیلانی شابندری اور دیگر حضرات موجود رہے۔
