کووڈ سے زیادہ غیر کووڈ مریض مر رہے ہیں، حکومت کورونا متاثرین کے ساتھ عام مریضوں کی جانب بھی توجہ دے: ضمیر احمد خان

12:22PM Sat 18 Jul, 2020

بنگلورو۔ یہاں کے مشہور شفاء اسپتال میں کورونا متاثرین کے علاج کیلئے 100 بیڈ پر مشتمل کووڈ 19 سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ مقامی ایم ایل اے رضوان ارشد اور ریاست کے دیگر مسلم لیڈروں کی مشترکہ کوششوں سے یہ نیا سینٹر شروع ہوا ہے۔ شیواجی نگر کے ایم ایل اے رضوان ارشد نے کہا کہ کورونا کی ہیبت ناک وبا پورے شہر میں پھیل چکی ہے۔ لوگوں کو  میڈیکل سہولیات کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس موقع پر متاثرین کی مدد کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ ریاست کے مسلم لیڈران کے رحمن خان، ضمیر احمد خان اور دیگر کی کوششوں سے شفاء اسپتال میں کووڈ سینٹر کا انتظام کیا گیا ہے۔ رضوان ارشد نے کہا کہ ایچ بی ایس اسپتال میں بھی کورونا کے متاثرین کے علاج کا انتظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر سومنا اور مقامی رکن پارلیمنٹ پی سی موہن نے بھی شفاء اسپتال کے کووڈ سینٹر کا دورہ کیا اور نجی طور پر کی جارہی ان کوششوں کی ستائش کی۔ اس موقع پر چامراج پیٹ کے ایم ایل اے اور سابق ریاستی وزیر ضمیر احمد خان نے کہا کہ کورونا متاثرین سے کہیں زیادہ عام مریض طبی سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے فوت ہورہے ہیں۔ لہذا حکومت کو چاہئے کہ عام مریضوں کی جانب بھی توجہ دے۔ ضمیر احمد خان نے کہا کہ حال ہی میں نائب وزیر اعلی اشوتھ نارائن نے ایک میٹنگ طلب کی تھی۔ اس میٹنگ میں انہوں نے یہ بات کہی کہ شہر میں کووڈ مریضوں سے زیادہ عام مریض مر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام مریضوں کو اسپتال میں بھرتی نہیں کیا جارہا ہے، اسپتال میں بھرتی کیلئے کورونا ٹسٹ کی رپورٹ مانگی جارہی ہے۔ کورونا رپورٹ آنے میں کم سے کم 48 گھنٹے لگ رہے ہیں۔ بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے کئی مریضوں کی موت ہورہی ہے۔ ضمیر احمد خان نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کیلئے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں انتظامات کئے گئے ہیں۔ لیکن عام مریضوں کیلئے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ ضمیر احمد خان نے کہا کہ  ان کے پاس موجود معلومات کے مطابق بنگلورو میں حالیہ دنوں میں 300 غیر کورونا کے مریض جن کی عمر 35 سے 45 سال تھی، انتقال کر گئے ہیں۔ لہذا وہ حکومت سے بار بار یہ اپیل کررہے ہیں کہ کووڈ کے ساتھ غیر کووڈ مریضوں کی جانب بھی توجہ دی جائے۔ اس موقع پر رکن کونسل نصیر احمد خان نے کہا کہ بنگلورو کے یتیم خانہ اہل اسلام میں کووڈ سینٹر قائم کرنے کی تجویز تھی لیکن اب یتیم خانہ اہل اسلام کے بجائے دارالاسلام کی عمارت، جو شفاء اسپتال سے منسلک ہے، وہاں بھی 100 بیڈ پر مشتمل ایک اور کووڈ سینٹر قائم کیا جائے گا۔ شہر میں مسلم رضاکاروں کی جانب سے قائم میڈیکل ٹاسک فورس کے سربراہ شاہ الحمید نے کہا کہ شفاء اسپتال کے علاوہ میڈی اسکان اسپتال میں بھی جلد ہی 100 بستروں پر مشتمل ایک اور کووڈ سینٹر شروع ہوگا۔ بنگلورو کے کوئنس روڈ میں واقع شفاء اسپتال میں 16 جولائی بروز جمعرات کی دوپہر، رسمی طور پر کووڈ سینٹر کا افتتاح عمل میں آیا ہے۔ شفاء اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد رشادی نے کہا کہ 100 بیڈ پر مشتمل اس سینٹر میں 50 بیڈ مریضوں کے علاج کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ ان میں 12 بیڈ وینٹی لیٹر سے جڑے ہوئے ہیں اور 20 بیڈ سیمی وینٹی لیٹر سے جڑے ہوئے ہیں۔ باقی تمام بیڈ کیلئے آکسیجن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔کووڈ سینٹر کے افتتاحی پروگرام میں راجیہ سبھا کے رکن ڈاکٹر ناصر حسین، پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگزار صدر سلیم احمد اور دیگر بھی موجود رہے۔