ابنائے جامعہ جدہ کے وفد نےمکتب جامعہ کا کیا دورہ
01:37PM Mon 29 Nov, 2021

بھٹکل : 29 نومبر،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) آج بتاریخ 29 نومبر2021 کو صبح ابنائے جامعہ وہمدردان جامعہ جدہ کے ایک وفد نےمکتب جامعہ اسلامیہ موسی نگر بدریہ کالونی کا دورہ کیا اور مکتب کے نظام تعلیم وتربیت سے آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے وفد کاپرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے والہانہ استقبال کیا ۔ وفد کے سامنے مکتب کی کارکردگی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے مکتب جامعہ بدریہ کالونی کے استاذ مولوی سلمان کولا نےطلبہ کی تعلیم اور یہاں کے تربیتی امور کے متعلق معلومات فراہم کیں۔
نائب ناظم جامعہ مولانا طلحہ ندوی نے مدرسہ کیے قیام کے مقاصد واضح کیے ، اس دورے کے موقع پر شہر کے ممتاز عالم دین اور معروف ادیب و شاعر مولانا سید ہاشم نظام ندوی نے بھی موقع کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مکتب جامعہ بدریہ کالونی کے محل وقوع کے تعلق سے بتاتے ہوئے مولانا مقبول احمد ندوی نے اطراف کے ماحول میں لوگوں میں دین کی بنیادوں سے بے خبری پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس علاقے میں مکتب کی اہمیت واضح کی۔ وفد کے اراکین نے جامعہ کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جامعہ سے اپنے قلبی لگاؤ اور تعلق پر خوشی کا اظہار کیا۔
اس وفد میں ابنائے جامعہ جدہ کے نئے عہدیداران میں مولوی تمیم حسن رکن الدین، سابق ذمہ داروں میں مولانا عبد المطلب ڈی ایف ،اور جدہ جماعت کے ذمہ داروں میں محترم قمرسعدا،نعمان علی اکبرا سمیت دیگر کئی اہم افراد موجودتھے۔
