یہ شرمناک ہے کہ کچھ ہندوستانی دلتوں، مسلمانوں اور قبائلوں کو انسان نہیں سمجھتے: راہل گاندھی
03:57PM Sun 11 Oct, 2020
نئی دہلی: ہاتھرس کے واقعہ پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر یوپی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کے کہا، ’’یہ شرمناک حقیقت ہے کہ کئی ہندوستانی دلتوں، مسلمانوں اور قبائلیوں کو انسان نہیں سمجھتے۔ وزیر اعلی اور ان کی پولیس کہتی ہے کہ کسی کا ریپ نہیں ہوا تھا، کیوں کہ ان کے لئے اور کئی دوسرے ہندوستانیوں کے لئے متاثرہ کوئی نہیں (نو ون) تھی۔‘‘
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بی بی سی کی ایک رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اس رد عمل کا اظہار کیا۔ بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک لڑکی نے بار بار کہا کہ اس کے ساتھ عصمت دری کی گئی ہے اور ثبوت بھی اس کی الزام کی حمایت کر رہے ہیں پھر کیا وجہ ہے کہ پولیس اور ریاستی حکومت کے افسران عصمت دری کے واقعہ کی بارہا تردید کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی ہاتھرس واقعہ کے حوالہ سے شروع سے ہی یو پی حکومت پر حملہ آور رہے ہیں۔ راہل اور پرینکا نے ہاتھر میں جا کر متاثرہ کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی تھی۔ راہل نے کہا تھا کہ یو پی حکومت چاہ کر بھی متاثرہ کنبہ کے ساتھ منمانی نہیں کر پائے گی کیوں کہ اب پورا ملک اس بیٹی کو انصاف دلانے کے لئے اٹھ کھڑا ہوا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں انصاف دلانے میں پوری مدد کریں گے۔ وہیں پرینکا گاندھی نے کہا کہ متاثرہ کی لاش کو آدھی رات کو کیوں جلایا گیا؟ متاثرہ کو دھمکی کیوں دی جا رہی ہے اور بیان بدلنے پر مجوبر کیوں کیا جا رہا ہے؟